ای سی او اجلاس کا سفارتی معرکہ : معاشی تعاون یا امن؟

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کا 30واں اجلاس پاکستان کے لیے محض ایک علاقائی سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ معاشی مفادات کے تحفظ، وسطی ایشیا تک تجارتی رسائی اور خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی کشیدگی کم کرنے کا ایک اہم موقع بھی ہے۔آج 15 اور 16 نومبر 2026 کو منعقد ہونے والے اس اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کر رہے ہیں، جبکہ پاکستان 2026-27 کے لیے تنظیم کی صدارت بھی سنبھال رہا ہے۔

وزارتی اجلاس سے قبل رکن ممالک کے اعلیٰ حکام کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں تنظیم کی سرگرمیوں، جاری پروگراموں اور ذیلی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے علاوہ وزرائے خارجہ کے سامنے پیش کی جانے والی دستاویزات اور آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔ پاکستان کی ترجیحات میں علاقائی روابط کا فروغ، تجارتی انضمام، رسد وترسیل کے نظام کو بہتر بنانا، توانائی کے شعبے میں تعاون اور مشترکہ اقتصادی ترقی شامل ہیں۔

ای سی او کا قیام 1985 میں پاکستان، ایران اور ترکیہ عمل میں لائے ، جبکہ 1992 میں افغانستان، آذربائیجان، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان، ترکمانستان اور ازبکستان کی شمولیت سے اس کا دائرہ وسیع ہوگیا۔ اس طرح یہ دس ممالک پر مشتمل ایک اہم علاقائی اقتصادی تنظیم بن گئی، جس کا جغرافیائی دائرہ جنوبی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور وسطی ایشیا کو آپس میں منسلک کرتا ہے۔ ترکیہ کی وزارت خارجہ کے مطابق تنظیم کا خطہ تقریباً 80 لاکھ مربع کلومیٹر رقبے اور لگ بھگ 50 کروڑ آبادی پر مشتمل ہے۔ تنظیم کے بنیادی مقاصد میں رکن ممالک کے درمیان تجارتی رکاوٹیں دور کرنا، علاقائی تجارت بڑھانا اور عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانا شامل ہیں۔

تاہم ان بنیادی مقاصد کو حقیقت میں تبدیل کرنا محض سفارتی بیانات سے ممکن نہیں کیونکہ سرحدی رکاوٹیں، سیاسی اختلافات، سکیورٹی خدشات، بنیادی انفراسٹرکچر کی کمی اور مختلف ممالک کے درمیان تجارتی طریقہ کار میں عدم مطابقت علاقائی تجارت کی راہ میں بڑی مشکلات ہیں۔

ای سی او کے اقتصادی ایجنڈے کو مزید مؤثر بنانے کے لیے رکن ممالک کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافے کی گنجائش موجود ہے، جیسا کہ ازبکستان کے ادارہ برائے بین الاقوامی تعلقات کے مرکز برائے اقتصادی سفارت کاری کی 2025 کی تحقیقی رپورٹ کے مطابق 2024 میں ای سی او ممالک کے درمیان باہمی تجارت تقریباً 95 اعشاریہ 8ارب ڈالر تک پہنچ گئی تھی، جو 2020 کے مقابلے میں تقریباً 1.7 گنا زیادہ تھی۔ تاہم اسی رپورٹ کے مطابق 2024 میں رکن ممالک کی مجموعی عالمی برآمدات میں باہمی برآمدات کا حصہ تقریباً 10.6 فیصد رہا۔ یہ اعدادوشمار ظاہر کرتے ہیں کہ تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے باوجود تنظیم کے رکن ممالک اپنی باہمی تجارت کو مزید وسعت دے سکتے ہیں۔

تاہم اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس کی اہمیت صرف اقتصادی معاملات تک محدود نہیں رہنی چاہیے کیونکہ موجودہ حالات میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ پورے خطے کے امن، توانائی کی ترسیل اور عالمی معیشت کے لیے سنگین چیلنج بن چکی ہے۔ 28 فروری 2026 کو امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ نے خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کی صورت حال کو بھی غیر یقینی بنا دیا ہے اور اس تنازعے کے اثرات اب صرف متعلقہ ممالک تک محدود نہیں رہے۔

آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کے اہم ترین بحری راستوں میں شامل ہے، جہاں کسی بھی قسم کی طویل بندش یا عدم استحکام سے تیل اور گیس کی عالمی فراہمی متاثر ہوتی ہے، اور پاکستان جیسے درآمدی توانائی پر انحصار کرنے والے ملک کے لیے یہ صورت حال خاص طور پر تشویش ناک ہے کیونکہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ملکی درآمدی بل، مہنگائی اور ادائیگیوں کے توازن پر منفی اثرات مرتب کرسکتا ہے۔

تاہم خبر رساں ادارے رائٹرز کی 14 نومبر 2026 کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں کو بتایا ہے کہ اگر ایران یا یمن میں حوثی گروپ کی جانب سے نئی اشتعال انگیزی نہ ہوئی تو امریکا مزید حملوں سے گریز کرسکتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عر ب اور ترکیہ نے بھی امریکا کو کشیدگی میں کمی اور نئے حملوں سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔ تاہم امریکی صدر نے فوجی کارروائی دوبارہ شروع نہ کرنے کی کوئی حتمی ضمانت نہیں دی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خطے کے اہم ممالک جنگ کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سفارتی کردار ادا کر رہے ہیں، لیکن تنازع کے مستقل حل کے لیے ابھی مزید پیش رفت درکار ہے۔

یہاں پاکستان کے لیے ای سی او اجلاس ایک اضافی سفارتی اہمیت اختیار کر جاتا ہے۔ ایران خود اس تنظیم کا بانی رکن ہے، جبکہ ترکیہ اور پاکستان بھی اس کے اہم رکن ہیں۔ وسطی ایشیائی ریاستیں بھی خطے میں جنگ کے معاشی اثرات سے محفوظ نہیں رہ سکتیں۔ اگرچہ امریکا اور اسرائیل ای سی او کے رکن نہیں، اس لیے یہ تنظیم براہ راست جنگ کے فریقین کے درمیان فیصلہ کن مذاکرات کا متبادل نہیں بن سکتی، تاہم اس کے اجلاس کو غیر رسمی سفارتی رابطوں، مشترکہ تشویش کے اظہار اور امن کے لیے متفقہ مؤقف تشکیل دینے کے موقع کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان اس موقعے پر ترکیہ، ایران اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ مشاورت کرکے ایک مشترکہ امن کوشش کی بنیاد رکھ سکتا ہے، بالخصوص ترکیہ اور قطر جیسے ممالک کے ساتھ سفارتی رابطوں کو استعمال کرتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک کو بھی اس عمل میں شامل کرنا اہم ہوگا، کیونکہ جنگ کے معاشی اور سکیورٹی اثرات براہ راست ان ممالک تک پہنچ رہے ہیں ، تاہم یہ بھی حقیقت بھی نظر انداز نہیں کی جاسکتی کہ کہ ای سی او بنیادی طور پر اقتصادی تعاون کی تنظیم ہے، فوجی یا اجتماعی دفاع کا اتحاد نہیں۔ اس لیے اس کے پلیٹ فارم پر جنگ بندی کی ضمانت حاصل کرنا ممکن نہیں، لیکن اقتصادی مفادات کو مشترکہ بنیاد بنا کر امن کے لیے سفارتی اتفاق رائے پیدا کیا جاسکتا ہے۔ پاکستان کو اپنی صدارت کے دوران اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقائی تجارت، توانائی کی سلامتی اور جنگ کے خاتمے کو ایک دوسرے سے منسلک ترجیحات کے طور پر آگے بڑھانا چاہیے۔ پاکستان کی کامیابی کا اصل پیمانہ صرف تنظیم کی صدارت حاصل کرنا نہیں بلکہ اسے عملی اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام اور امن کے فروغ میں تبدیل کرنا ہوگا۔ اگر اسلام آباد اس موقع کو مؤثر سفارت کاری کے لیے استعمال کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے تو ای سی او کی صدارت پاکستان کے لیے ایک اہم علاقائی اور عالمی سفارتی پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔

Related Posts