محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی علاقوں میں آئندہ دو سے تین روز کے دوران بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے شمالی اور مغربی حصوں میں داخل ہورہا ہے جو 12 نومبر کو مزید شدت اختیار کرسکتا ہے اور 14 نومبر کی صبح تک بالائی علاقوں میں اثرانداز رہے گا۔
خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری
خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں 10 سے 14 نومبر تک وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور گرج چمک متوقع ہے۔ چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت متعدد اضلاع میں موسلادھار بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہوسکتی ہے۔ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔
لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا امکان
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، گجرات، سرگودھا اور دیگر علاقوں میں 12 اور 13 نومبر کو بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں بھی 12 نومبر کو بارش ہوسکتی ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں 14 نومبر کی دوپہر تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جن میں نیلم ویلی، مظفرآباد، راولاکوٹ، اسکردو، ہنزہ اور گلگت شامل ہیں۔
سندھ اور بلوچستان میں موسم کی صورتحال
سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ بلوچستان کے کوئٹہ، زیارت، ژوب، چمن، پشین، خضدار اور دیگر علاقوں میں 11 اور 12 نومبر کو بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری ہوسکتی ہے۔
درجہ حرارت میں کمی، انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں دھند چھانے کا امکان ہے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ کمی متوقع ہے۔
کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیاں ترتیب دینے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو ممکنہ ناخوشگوار واقعات سے بچاؤ کے لیے ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








