اسلام آباد: ملک میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کی فروخت روکنے اور صارفین کو مقررہ نرخوں پر دوائیں فراہم کرنے کے لیے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی پاکستان (ڈریپ) نے شہریوں کو محفوظ دوا موبائل ایپ استعمال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین دوا خریدنے سے پہلے اس کی رجسٹریشن، تفصیلات اور قیمت کی تصدیق کرسکتے ہیں۔
ڈریپ کے مطابق ایپ میں جدید ٹو ڈی بارکوڈ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے جس کی مدد سے اسمارٹ فون کے ذریعے دوا کی پیکنگ پر موجود بارکوڈ اسکین کرکے متعلقہ مصنوعات کا ریکارڈ اور قیمت معلوم کی جاسکتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد جعلی ادویات، ناجائز منافع خوری اور غیر قانونی فروخت کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
پاکستان میں 90 ہزار سے زائد ادویات رجسٹرڈ
وزارتِ قومی صحت کے ترجمان ساجد شاہ کے مطابق ملک میں تقریباً 800 دوا ساز کمپنیاں اور 90 ہزار سے زائد ادویات ڈریپ کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔ صارفین ایپ کے ذریعے دوا کی معلومات کا سرکاری ریکارڈ سے موازنہ کرکے اس کی رجسٹریشن اور قیمت سے متعلق تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں۔
ادویات کی ترسیل کی نگرانی کا نیا نظام فعال
ادھر ملک بھر میں ادویات کی تیاری اور سپلائی کے مراحل کی نگرانی کے لیے مرکزی ٹریک اینڈ ٹریس نظام بھی 9 اکتوبر 2026 سے فعال ہوچکا ہے۔ اس نظام کے ذریعے متعلقہ حکام ادویات کی سپلائی چین میں نقل و حرکت کا ریکارڈ رکھ سکیں گے۔
کسی دوا کے معیار یا حفاظت سے متعلق شکایت سامنے آنے کی صورت میں مخصوص بیچ کی نشاندہی اور متاثرہ ادویات کو مارکیٹ سے واپس منگوانے کا عمل بھی زیادہ موثر بنایا جاسکے گا۔
بارکوڈ منصوبہ کئی سال تاخیر کا شکار رہا
پاکستان میں ادویات پر بارکوڈ لگانے کی تجویز پہلی مرتبہ 2015 میں سامنے آئی تھی، جبکہ وفاقی کابینہ نے 2017 میں اس منصوبے کی منظوری دی۔ تاہم مختلف انتظامی وجوہات کے باعث اس پر مکمل عمل درآمد نہ ہوسکا۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے منصوبے میں تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو نظام متعارف کروانے کی ہدایت کی۔ ڈریپ نے جعلی، زائدالمیعاد ادویات اور غیر قانونی فروخت کی روک تھام کے لیے بارکوڈ نظام کے نفاذ کی یکم اکتوبر 2026 کی آخری تاریخ مقرر کی تھی۔
ڈریپ کا شہریوں کے لیے اہم انتباہ
ڈریپ جعلی، غیر معیاری، ملاوٹ شدہ اور غیر رجسٹرڈ ادویات کے خلاف مسلسل اقدامات کررہا ہے۔ ادارے نے 5 نومبر کو جاری کردہ الرٹ میں شہریوں کو ہدایت کی تھی کہ ادویات اور علاج سے متعلق دیگر مصنوعات صرف مجاز اور لائسنس یافتہ دکانوں سے خریدیں اور ان کی اصلیت اور حالت کا جائزہ ضرور لیں۔
وزارتِ قومی صحت کے مطابق حکومت ملک بھر میں عوام کو محفوظ، موثر اور معیاری ادویات کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








