برطانوی کامیڈین کا شرمناک کردار! رسل برانڈ کو جنسی جرائم پر ساڑھے 10 سال قید

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

برطانوی کامیڈین اور اداکار رسل برانڈ کو ایک خاتون سے زیادتی اور دیگر تین خواتین کو جنسی ہراسانی کا مجرم قرار دئیے جانے کے بعد 10 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق لندن کی ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں جج جوئل بینتھم نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ رسل برانڈ اپنی ذہانت، خوش گفتاری اور مزاحیہ شخصیت کے باعث شہرت رکھتے تھے تاہم اسی دوران ان کا رویہ جنسی استحصال کی شکل اختیار کر گیا۔

عدالت نے واضح کیا کہ خواتین کے لباس، مقام یا طرزِ زندگی سے قطع نظر ان کی رضامندی بنیادی اہمیت رکھتی ہے اور کسی بھی غیر رضامندانہ جنسی عمل کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

گزشتہ ہفتے جیوری نے رسل برانڈ کو 2009 میں 21 سالہ خاتون سے زیادتی اور 2000 کی دہائی میں تین دیگر خواتین کے خلاف جنسی جرائم کا مجرم قرار دیا تھا تاہم انہیں دو مزید الزاماتِ زیادتی اور ایک الزام سے بری کر دیا گیا تھا۔

سماعت کے دوران متاثرہ خواتین نے اپنے تلخ تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے ان کی ذہنی صحت اور زندگی پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ 2009 میں زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون نے بتایا کہ صدمے سے نکلنے کے لیے وہ شراب نوشی کی عادی ہو گئی تھیں۔

میٹروپولیٹن پولیس نے متاثرہ خواتین کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات نے تحقیقات میں اہم کردار ادا کیا۔ پولیس کے مطابق رسل برانڈ کے خلاف زیادتی کے مزید دو الزامات کی تحقیقات بھی جاری ہیں۔

رسل برانڈ نے 2000 کی دہائی میں چینل 4 کے پروگراموں اور بعد ازاں بی بی سی ریڈیو کے ذریعے شہرت حاصل کی تھی۔

Related Posts