سندھ حکومت نے صوبے بھر میں اسلحے کی نمائش پر عائد پابندی کی مدت میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی میں توسیع کا اطلاق یکم نومبر 2026 سے ہوگا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ رجسٹرڈ نجی سیکیورٹی کمپنیوں کے اہلکاروں کو دورانِ ڈیوٹی اپنے ہمراہ اسلحہ رکھنے کی اجازت حاصل ہوگی تاہم اس استثنا کے باوجود اسلحے کی سرعام نمائش نہیں کی جا سکے گی۔

حکومتی احکامات کے مطابق گاڑیوں میں سفر کے دوران اسلحہ لہرانے، کھلے مقامات پر گشت کرتے ہوئے ہتھیاروں کی نمائش کرنے اور عوامی مقامات پر اسلحے کی نمائش پر پابندی برقرار رہے گی۔
محکمہ داخلہ نے متعلقہ پولیس حکام کو ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ذمہ داری سونپی ہے۔ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو دفعہ 144 کے تحت قانونی کارروائی کرنے کا اختیار ہوگا۔
حکومت کی جانب سے اس پابندی میں توسیع کا مقصد صوبے میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اور عوامی مقامات پر اسلحے کی غیر ضروری نمائش کی روک تھام ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








