سندھ کے سینئر وزیر اور وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی اپنی جغرافیائی اہمیت، بندرگاہوں اور صنعتی ڈھانچے کے باعث پاکستان میں نئی صنعتوں کے قیام اور سرمایہ کاری کے لیے غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے۔
ماربل سٹی کراچی کی پری لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں کاروبار کرنے والے صنعت کار بھی اب کراچی میں سرمایہ کاری اور اپنے صنعتی یونٹس منتقل کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ان کے مطابق کراچی کی بندرگاہیں نہ صرف مقامی صنعتوں بلکہ ملک کے دیگر شہروں سے آنے والی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کا اہم ذریعہ ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ماضی میں خراب حالات کے باعث صنعتی سرگرمیاں متاثر ہوئیں تاہم سندھ حکومت شہر میں کاروباری ماحول بہتر بنانے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے شاہراہِ بھٹو کو کراچی کے اہم ترقیاتی منصوبوں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بندرگاہوں اور صنعتی علاقوں تک آمدورفت آسان ہوگی۔ کراچی پورٹ سے شاہراہِ بھٹو تک ایلیویٹڈ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے جس کی تکمیل سے سفر کا دورانیہ 45 منٹ سے کم ہو کر تقریباً 12 منٹ رہنے کی توقع ہے۔
صوبائی وزیر کے مطابق کراچی میں متعدد ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ دیگر پر کام جاری ہے۔ حکومت کا مقصد شہر کو دوبارہ عالمی معیار کے جدید اور کاروباری مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے۔
انہوں نے کراچی کے ماضی کی بین الاقوامی شناخت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ شہر کبھی تعلیم، سیاحت اور کاروبار کے حوالے سے دنیا بھر میں پہچانا جاتا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








