عوام کی حمایت سے دہشت گردوں کو شکست دیں گے! فیلڈ مارشل کا دوٹوک اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ عوام کے تعاون سے دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریات کو فیصلہ کن شکست دی جائے گی جبکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی صورت حال، انسداد دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور فوجی دستوں کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے کے لیے مسلسل چوکس رہیں اور اپنی تیاریوں کا معیار برقرار رکھیں۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا، غازیوں اور پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مہم جاری رہے گی اور دہشت گردوں کو جہاں بھی پایا گیا موثر انداز میں نشانہ بنایا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

Related Posts