وزیرستان سے بنوں تک آپریشن! 34 دہشتگرد جہنم واصل، صدر اور وزیراعظم کا خراج تحسین

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے 34 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشنز 13 سے 15 اکتوبر 2025 کے دوران شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور بنوں میں کیے گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں کارروائی کے دوران 18 دہشتگرد مارے گئے جبکہ جنوبی وزیرستان میں 8 اور بنوں میں مزید 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ ادارے نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

صدر اور وزیراعظم کا خراجِ تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف بروقت کارروائیاں ملک میں امن و استحکام کے لیے اہم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائیوں کے ذریعے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تحفظ اور ملکی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھی جائے گی۔

حکام کے مطابق متعلقہ ادارے علاقے میں سیکیورٹی مزید بہتر بنانے اور ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Related Posts