ایوانِ صدر میں رات گئے اہم مشاورت! خیبر پختونخوا کی صورتحال پر بڑے فیصلے کا امکان

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ملکی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال میں ایک بار پھر اہم ہلچل دیکھنے میں آ رہی ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں خیبرپختونخوا کی امن و امان کی نازک صورتحال پر غور کرنے کے لیے ایوانِ صدر میں آج رات ایک اعلیٰ سطح کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جہاں وزیراعظم شہباز شریف اور صدرِ مملکت آصف زرداری کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے۔

اس اہم اجلاس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کے دوران وزیراعظم کو ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور صدرِ مملکت کی آج رات ہونے والی ملاقات میں صوبے کی صورتحال پر قابو پانے کے حوالے سے چند بڑے اور اہم فیصلے کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

یہ اعلیٰ سطحی مشاورتی بیٹھک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب ایک طرف صوبے میں سیکیورٹی کے سنگین چیلنجز درپیش ہیں تو دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھی وفاقی حکومت کے خلاف سخت احتجاجی لائحہ عمل تیار کر رکھا ہے۔

پی ٹی آئی قیادت واضح کر چکی ہے کہ صوبے میں گورنر راج یا ایمرجنسی جیسے ہتھکنڈے سیکیورٹی بحران کو حل نہیں کر سکتے جبکہ پارٹی کی جانب سے ملک گیر احتجاج اور جلسوں کے اعلان نے بھی سیاسی درجہ حرارت کو مزید بڑھا دیا ہے جس پر حکومت اب انتہائی سنجیدگی سے جوابی حکمت عملی پر غور کر رہی ہے۔

Related Posts