بالی وڈ کی معروف اور منفرد انداز کے لیے جانی جانے والی اداکارہ راکھی ساونت نے دبئی میں پاکستان کی مایہ ناز اداکارہ صبا قمر سے ملاقات کرکے سب کو دنگ کر دیا۔ راکھی ساونت نے اس ملاقات کو یادگار بناتے ہوئے صبا کو پھولوں کا گلدستہ اور ایک خوبصورت انگوٹھی تحفے میں دی۔
صبا قمر نے اس ملاقات کی حسین یادیں اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصاویر اور ویڈیوز کی صورت میں شیئر کیں جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ راکھی ساونت مشہور پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے گانے پر رقص کرتے ہوئے صبا کی جانب بڑھتی ہیں۔ گلدستہ پیش کرنے کے بعد بھی راکھی کا جوش کم نہیں ہوا اور صبا قمر نے بھی ان کے اس دلکش انداز میں بھرپور ساتھ دیا۔
دونوں فنکاروں کی اس خوشگوار اور بے تکلف ملاقات نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ فوراً اپنی جانب کھینچ لی بعدازاں، صبا قمر نے انسٹاگرام اسٹوری پر گلدستے اور انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے بھارتی اداکارہ کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ یہ پیار اور خلوص ان کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس جوڑی کی یہ ویڈیو اور تصاویر اس وقت ٹاپ ٹرینڈز کا حصہ بنی ہوئی ہیں اور مداح ان کی اس خوشگوار ملاقات کو بے حد پسند کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








