بابائے پونچھ کے پوتے آزاد کشمیر کے صدر منتخب! جانیں کون ہیں ڈاکٹر نجیب نقی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ڈاکٹر محمد نجیب نقی آزاد جموں و کشمیر کے 25ویں صدر منتخب ہوگئے۔ صدارتی انتخاب میں انہوں نے 32 ووٹ حاصل کرکے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار چودھری لطیف اکبر کو شکست دی جنہیں 13 ووٹ ملے۔

ڈاکٹر نجیب نقی کو مسلم لیگ (ن) کے 31 ارکان کے علاوہ اتحادی جماعت دست و بازو پارٹی کے ایک رکن کی حمایت بھی حاصل تھی جس کے بعد ان کے ووٹوں کی تعداد 32 ہوگئی۔ صدر کے انتخاب میں کامیابی کے لیے 27 ووٹ درکار تھے۔

انتخاب سے قبل آزاد کشمیر اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) اور اس کے اتحادیوں کے پاس مجموعی طور پر 32 ارکان جبکہ پیپلز پارٹی کے 14 ارکان تھے۔

ڈاکٹر محمد نجیب نقی کون ہیں؟

ڈاکٹر محمد نجیب نقی کا تعلق پونچھ ڈویژن کے ضلع سدھنوتی، پلندری سے ہے اور وہ ایک سیاسی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ وہ مختلف ادوار میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوتے رہے اور مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے اہم رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔

محمد نجیب نقی خان - آزاد دائرۃ المعارف، ویکیپیڈیا

انہوں نے طب کی تعلیم حاصل کی اور عملی زندگی میں شعبہ صحت سے وابستہ رہے۔ وہ 2006 سے 2011 تک آزاد کشمیر کے وزیر صحت رہے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی 2016 سے 2021 تک قائم رہنے والی حکومت میں بھی وزارت صحت کا قلمدان سنبھالا۔

خاندانی اور تعلیمی پس منظر

ڈاکٹر نجیب نقی کا تعلق سدھن قبیلے سے ہے۔ ان کے خاندان کا آزاد کشمیر کی سیاست اور سماجی شعبے میں طویل کردار رہا ہے۔ ان کے والد کرنل محمد نقی خان 1985 کے عام انتخابات میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے اور وزیر صحت و خوراک کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔

ان کے دادا کرنل خان محمد خان کو بابائے پونچھ کہا جاتا ہے۔ وہ جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی پرجا سبھا کے رکن رہے اور سدھنوتی باغ کی نمائندگی بھی کی۔ تحریک آزادی کشمیر کے دوران بھی ان کا کردار نمایاں رہا۔

ڈاکٹر محمد نجیب نقی 19 جنوری 1964 کو راولپنڈی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم لاہور کے ایچی سن کالج سے حاصل کی اور 1988 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور سے ایم بی بی ایس کی ڈگری مکمل کی۔ انہیں کھیلوں بالخصوص لان ٹینس سے بھی دلچسپی رہی اور انہوں نے اپنے تعلیمی ادارے کی جانب سے مختلف مقابلوں میں حصہ لیا۔

Related Posts