کوہاٹ پولیس لائنز آپریشن مکمل، آخری 2 خودکش بمبار سمیت 7 خوارج ہلاک

تازہ ترین

تازہ ترین

Source : GEO NEWS URDU

کوہاٹ: پولیس لائنز مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل ہوگیا، کارروائی کے دوران پولیس لائنز میں چھپے آخری 2 خودکش بمبار بھی ہلاک کردیے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق فجر کے بعد پاک فوج نے پولیس لائنز میں کارروائی کی، جس کے دوران علاقے میں موجود آخری 2 خودکش بمباروں کو ہلاک کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں مجموعی طور پر 7 خوارج مارے گئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کی براہِ راست نگرانی جنرل آفیسر کمانڈنگ (GOC) کوہاٹ نے کی۔ پاک فوج کے کمانڈوز، جوانوں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے پولیس لائنز کے علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے بعد اسے پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 21 افراد شہید اور 103 زخمی ہوئے تھے۔

دوسری جانب دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک پولیس اہلکار بھی دورانِ علاج دم توڑ گیا، جس کے بعد شہادتوں کی تعداد 22 ہوگئی۔

Related Posts