کالز ڈراپ، کمزور سگنلز اور سست ترین انٹرنیٹ! یوفون، جاز اور زونگ سے جواب طلب؟

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے ملک بھر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کے ناقص معیار پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ارکان نے ٹیلی کام کمپنیوں اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی کارکردگی پر بھی سوالات اٹھائے۔

اجلاس میں کمزور سگنلز، کالز منقطع ہونے اور غیر مستحکم انٹرنیٹ سے متعلق شکایات کا جائزہ لیا گیا۔ کمیٹی رکن احمد عتیق کے مطابق تقریباً 70 فیصد علاقوں میں موبائل سروس کے مسائل ہیں جبکہ بعض ارکان نے ملک کے 90 فیصد حصوں میں سروس کا معیار غیر تسلی بخش قرار دیا۔

ڈاکٹر مہیش کمار نے یوفون کی ناقص سروس پر تنقید کی جبکہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں جاز، زونگ اور یوفون کے نمائندوں کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں پی آئی ایم ایس اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں موبائل کوریج کے مسائل بھی سامنے آئے۔ حکام کے مطابق ناقص آلات اور کمزور بنیادی ڈھانچہ بھی سروس کے مسائل کی ایک وجہ ہے۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں ٹیلی کام کمپنیوں کو 48 شوکاز نوٹس اور 22 وارننگ خطوط جاری کیے گئے جبکہ سروس کے معیار کی خلاف ورزیوں پر 6 کروڑ 89 لاکھ روپے جرمانے عائد کیے جا چکے ہیں۔

کمیٹی ارکان نے کہا کہ صرف نوٹس اور جرمانے کافی نہیں، بلکہ صارفین کو سروس کے معیار میں واضح بہتری نظر آنی چاہیے۔ کمیٹی نے نیٹ ورک کی کارکردگی بہتر بنانے اور نگرانی کا نظام مزید موثر بنانے پر زور دیا۔

Related Posts