میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے “سلام کراچی فیسٹیول” کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ فیسٹیول کے تحت 25 اگست سے 7 ستمبر 2026 تک کراچی کے مختلف مقامات پر ثقافتی، تفریحی، کھیلوں، موسیقی، فوڈ اور فیملی ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
فیسٹیول کا آغاز 25 اگست کو فریئر ہال میں گرینڈ بازار، ثقافتی ڈانس شو اور خواتین کے خصوصی اسٹالز سے ہوگا، جبکہ 26 اگست کو ایئرپورٹ سے میٹروپول تک بائیک ریلی نکالی جائے گی۔ 27 اگست کو سفاری پارک میں فیملی فیسٹیول، ٹیلنٹ ہنٹ اور میوزیکل نائٹ کا انعقاد ہوگا، جہاں عوام کے لیے داخلہ مفت ہوگا۔
28 اگست کو سی ویو سے دو دریاؤں تک سائیکل ریلی اور دیگر تفریحی سرگرمیاں منعقد ہوں گی، جبکہ 29 اگست کو برنس روڈ پر “سلام کراچی فوڈ فیسٹیول” سجایا جائے گا۔ 30 اگست کو تین تلوار پر روڈ شو اور میوزیکل پرفارمنس جبکہ 31 اگست کو سی ویو پر میراتھن کا انعقاد کیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق یکم ستمبر کو این ای ڈی یونیورسٹی اور 3 ستمبر کو سرسید یونیورسٹی میں سیمینارز اور ایوارڈز کی تقریبات ہوں گی، جبکہ 2 ستمبر کو پورٹ گرینڈ اور 4 ستمبر کو سفاری پارک میں فیملی فیسٹیول اور بچوں کے لیے خصوصی میوزیکل پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔
5 ستمبر کو شارع فیصل پر روڈ شو اور میوزیکل پرفارمنس، 6 ستمبر کو یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے سی ویو پر کار ریلی جبکہ 7 ستمبر کو سلام کراچی فیسٹیول کی اختتامی تقریب منعقد ہوگی، جس میں کے ایم سی اور ٹی ایم سی کے عملے کے لیے ایوارڈ شو اور موسیقی کا پروگرام بھی پیش کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








