وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بار 20 لاکھ نہیں بلکہ 40 لاکھ افراد کے ساتھ اسلام آباد جائیں گے۔
ہنگو میں ابوبکر صدیق چوک پر اسٹریٹ موومنٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان سے متعلق عدالتی فیصلے کو حکومت نے نظر انداز کیا اور ایک مرتبہ پھر کچھ لوگوں نے ثابت کیا کہ وہ خود کو آئین اور قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف اگر کوئی ادارہ حکم جاری کرے تو ایک گھنٹے میں اس پر عمل درآمد ہو جاتا ہے، لیکن عمران خان کے حق میں عدالتوں کے فیصلوں پر عمل نہیں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر طاقتوروں کو سزا نہیں دی جا سکتی تو کمزور قیدیوں کو بھی رہا کر دیا جائے، کیونکہ ایک ہی ملک میں طاقتور اور کمزور کے لیے الگ الگ قانون نہیں ہو سکتا۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جدوجہد کا مقصد ملک میں قانون کی یکساں حکمرانی قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان اور صنعتکار مشکلات کا شکار ہیں، اس لیے ملک کو موجودہ صورتحال سے نکالنے کے لیے عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی کی خواتین کے ساتھ زیادتیاں کی جا رہی ہیں اور عمران خان کی بہنوں کی بے توقیری کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے آگے بڑھنا ہوگا اور ملک کے فیصلوں میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
یہ بیانات وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کے ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








