سول ایوی ایشن اور ایئرپورٹس اتھارٹی کے ہیڈکوارٹرز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ

تازہ ترین

تازہ ترین

وفاقی حکومت نے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (PCAA) اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (PAA) کے مرکزی ہیڈکوارٹرز کراچی سے اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ منتقلی کے لیے عملی اقدامات بھی شروع کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں اداروں کے ہیڈکوارٹرز کی فوری منتقلی کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عارضی ہیڈکوارٹرز تعمیر کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اور پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسران پر مشتمل 7 رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی صادق رحمان کو کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔ کمیٹی اسلام آباد ایئرپورٹ پر عارضی ہیڈکوارٹرز کی تعمیر کے لیے مناسب مقام کا تعین کرے گی اور منتقلی کے انتظامات کا جائزہ لے گی۔

حکام نے دونوں اداروں کو ہدایت کی ہے کہ دسمبر 2026 تک اسلام آباد میں عارضی ہیڈکوارٹرز تعمیر کرکے منتقلی کا عمل مکمل کیا جائے۔

اس وقت پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مرکزی دفاتر کراچی میں قائم ہیں، تاہم نئے فیصلے کے تحت دونوں اداروں کا مرکزی انتظامی نظام اسلام آباد منتقل ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے ملک بھر میں قائم دونوں اداروں کے ریجنل دفاتر متاثر نہیں ہوں گے اور وہ معمول کے مطابق اپنی انتظامی اور آپریشنل سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔

Related Posts