محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ہونے والے جزوی چاند گرہن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ فلکیاتی حساب کے مطابق 27 اور 28 اگست 2026 کی درمیانی شب جزوی چاند گرہن ہوگا، تاہم یہ پاکستان میں دکھائی نہیں دے گا۔
ماہرین کے مطابق اگرچہ یہ تکنیکی طور پر جزوی چاند گرہن ہوگا، لیکن چاند کا تقریباً 96 فیصد حصہ زمین کے گہرے سائے (اُمبرا) میں داخل ہونے کے باعث اس کا منظر تقریباً مکمل چاند گرہن جیسا دکھائی دے گا، جبکہ صرف 4 فیصد حصہ روشن نظر آئے گا۔
شیڈول کے مطابق چاند گرہن کا ابتدائی مرحلہ 28 اگست کو رات 1 بج کر 23 منٹ پر شروع ہوگا، جزوی گرہن 2 بج کر 33 منٹ پر نمایاں ہوگا، جبکہ گرہن اپنے عروج پر 4 بج کر 12 منٹ پر پہنچے گا۔ گہرے سائے سے چاند کے نکلنے کا عمل 5 بج کر 52 منٹ پر مکمل ہوگا اور گرہن کا اختتام صبح 7 بج کر 2 منٹ پر ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ فلکیاتی منظر پاکستان میں نظر نہیں آئے گا، تاہم دنیا کے کئی ممالک میں اسے دیکھا جا سکے گا۔
ماہرین نے واضح کیا ہے کہ چاند گرہن کو براہِ راست آنکھوں سے دیکھنا محفوظ ہوتا ہے اور اس کے لیے کسی خصوصی حفاظتی چشمے یا فلٹر کی ضرورت نہیں ہوتی۔ البتہ دوربین یا بائنوکیولرز کے ذریعے اس نظارے کو مزید واضح انداز میں دیکھا جا سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








