بشریٰ بی بی کو بھی جیل کی سلاخوں سے رہائی مل جائے گی؟ علیمہ خان کا اہم بیان سامنے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے زور دیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ساتھ بشریٰ بی بی کو بھی ضمانت دے دینی چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو ریلیف مل گیا ہے تو چونکہ بشریٰ بی بی کے خلاف لگائے گئے الزامات اور چارجز بھی انتہائی کمزور ہیں اس لیے انہیں تو بانی سے بھی پہلے ضمانت مل جانی چاہیے تھی۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے جو ریلیف دیا گیا ہے اس کے بعد اب بانی پی ٹی آئی اسپتال جائیں گے جو کہ ہم گزشتہ آٹھ مہینے سے مسلسل مطالبہ کر رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج نورین نیازی کی ملاقات بھی کروائی جائے گی جبکہ صحت کے معاملے پر دوٹوک موقف اپناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صحت کے اوپر کوئی سیاست نہیں ہو رہی، ہم ان کی بہنیں ہیں اور صرف ان کی صحت پر بات کرتی ہیں۔ انصاف مل رہا ہے البتہ جب انصاف نہ ملے تو تنقید تو ہوتی ہے اور آپ سب کو معلوم ہے کہ اس سے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ اور دیگر عدالتوں نے کیا کچھ کیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران علیمہ خان نے کہا کہ اس میں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ آپ کو کس نے کہا ہے کہ مجھے ریلیف مل رہا ہے؟ ہم تو ابھی انسدادِ دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) سے ہی آ رہے ہیں جہاں ہمارے کیس میں ہماری طرف سے گواہ پر جرح ہونی تھی۔ ہم نے تو عدالت سے کہا تھا کہ کل ہی جرح کر لو لیکن ان کا کہنا تھا کہ اس کے لیے باقاعدہ تیاری کرنی ہے۔

انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں مزید کہا کہ ہمیں تحریری طور پر دینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ہم نے اپنا بیان باضابطہ طور پر سپریم کورٹ میں دے دیا ہے اور اب ہم لوگ باہر آ کر میڈیا سے مزید بات نہیں کریں گے۔

Related Posts