پنجاب پولیس نے ایک اسٹیج اداکارہ پر مبینہ حملے کے الزام میں ساتھی فنکارہ سمیت 3 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی اسٹیج اداکارہ عنبر افضل عرف حنا شیخ نے پولیس کو دی گئی درخواست میں اپنی ساتھی فنکارہ پر فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مدعیہ مقدمہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ فیصل آباد کے سبینہ سینما میں اسٹیج ڈرامے میں پرفارم کررہی تھیں۔اداکارہ کے مطابق اتوار کو جب وہ کینال روڈ پر واقع اپنے ہوٹل واپس پہنچیں تو پارکنگ میں 2 نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی اسٹیج ڈانسر سلک کے کہنے پر ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔
اپنی درخواست میں اداکارہ نے کہا کہ فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی کے شیشے بری طرح متاثر ہوئے، تاہم وہ، ان کے والد اور کزن محفوظ رہے کیونکہ حملے کے وقت وہ گاڑی سے نکل کر ہوٹل کے اندر جاچکے تھے۔عنبر افضل نے پولیس کو بتایا کہ گوجرانوالہ کے ایک تھیٹر میں اسٹیج ڈرامے کے دوران ان کی سلک سے تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد مبینہ طور پر سلک نے انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی تھیں۔
درخواست میں مدعیہ مقدمہ کا مزید کہنا تھا کہ سلک انہیں فون پر بھی مسلسل دھمکیاں دے رہی تھی۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ حکام کے مطابق فائرنگ میں ملوث نامعلوم افراد کی شناخت، واقعے کے محرکات اور مبینہ طور پر اسٹیج ڈانسر کے کردار سمیت تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش بھی جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








