سسرال سے پیسے بٹورنے کیلئے ڈراما بازی گلے پڑگئی، داماد دھر لیا گیا

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور کے علاقے مناواں میں اپنے ہی اغوا کا ڈراما رچانے والے نوجوان کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے سسرال سے 15 لاکھ روپے ہتھیانے کے لیے خود کو اغوا شدہ ظاہر کیا اور اپنی اہلیہ کو تاوان کے لیے مبینہ طور پر اغوا کی ویڈیوز بھی ارسال کیں۔

مناواں میں نوجوان تیمور کے مبینہ اغوا کا مقدمہ اس کی اہلیہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ اہلخانہ نے پولیس کو بتایا تھا کہ تیمور کو اغوا کرلیا گیا ہے اور اغوا کاروں کی جانب سے اس کی رہائی کے بدلے 15 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

پولیس کے مطابق مبینہ اغوا کی ایک ویڈیو بھی سامنے آئی تھی، جس میں تیمور کو رسیوں سے بندھا ہوا دکھایا گیا تھا۔ ویڈیو کی بنیاد پر ابتدائی طور پر معاملہ حقیقی اغوا کا معلوم ہوا، تاہم پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردیں۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق مناواں پولیس نے تفتیش اور تکنیکی ذرائع کی مدد سے نوجوان کو فیصل آباد سے تلاش کرلیا۔ پولیس نے جب تیمور سے پوچھ گچھ کی تو مبینہ اغوا کا پورا معاملہ خود ساختہ نکلا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے سسرال سے رقم حاصل کرنے کے لیے اپنے ہی اغوا کا منصوبہ بنایا تھا۔ تیمور نے مبینہ طور پر خود کو رسیوں سے باندھ کر اغوا کی ویڈیوز بنائیں اور انہیں اپنی اہلیہ کو بھیج دیا، تاکہ اہلخانہ کو یقین دلایا جاسکے کہ اسے اغوا کرلیا گیا ہے۔

ابتدائی طور پر یہ اطلاع سامنے آئی تھی کہ تیمور کو دو دوستوں نے اغوا کیا ہے اور اہلخانہ سے 15 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا گیا ہے، تاہم پولیس کی تحقیقات کے بعد اس دعوے کی حقیقت سامنے آگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔

Related Posts