تھائی لینڈ کے حکام نے ایک 30 سالہ پاکستانی مسافر کو حراست میں لے لیا ہے، جس پر ایک خاتون مسافر نے فلائی دبئی کی پرواز کے دوران مبینہ طور پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اٹلی کے شہر میلان سے دبئی کے راستے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک جانے والی پرواز میں پیش آیا۔
رپورٹس کے مطابق شکایت کنندہ 33 سالہ تھائی خاتون بٹ پمماپورن نے الزام لگایا کہ دورانِ پرواز وہ اپنی 4 سالہ بیٹی کو گود میں لیے سو رہی تھیں، اسی دوران ساتھ بیٹھے مسافر نے مبینہ طور پر نامناسب جسمانی حرکات کیں۔
خاتون کے مطابق جب وہ بیدار ہوئیں تو انہوں نے مبینہ طور پر مسافر کو نامناسب حرکت کرتے دیکھا۔ ان کا کہنا ہے کہ صورتحال پر سوال کرنے پر مسافر نے نشست کے سامنے موجود ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ اسکرین کو درست کرنے کا بہانہ کیا۔
خاتون نے فوری طور پر کیبن کریو کو اطلاع دی، جس کے بعد عملے نے دورانِ پرواز ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو آگاہ کر دیا۔ طیارہ جب بنکاک کے ڈان میوانگ ایئرپورٹ پہنچا تو تھائی پولیس نے مسافر کو حراست میں لے لیا۔
خاتون نے دعویٰ کیا کہ ابتدا میں مسافر نے الزام سے انکار کیا، تاہم بعد میں مبینہ طور پر معذرت کی اور معافی مانگی۔ ان کے مطابق کچھ دیگر مسافروں نے بھی معاملہ ختم کرنے کی درخواست کی۔
پولیس حکام کے مطابق پاکستانی مسافر کو تاحال تھائی لینڈ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی اور معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ قانونی طریقہ کار کے تحت فریقین کے درمیان ابتدائی مصالحت کی کوشش بھی کی جا سکتی ہے، تاہم تحقیقات متاثر نہیں ہوں گی۔
خاتون نے کہا ہے کہ وہ قانونی کارروائی جاری رکھنا چاہتی ہیں اور دیگر خواتین کو بھی ایسے واقعات کی فوری رپورٹ کرنے کی ترغیب دینا چاہتی ہیں۔
فلائی دبئی نے واقعے پر تبصرہ کرنے سے گریز کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مسافروں کی رازداری کے باعث مزید معلومات فراہم نہیں کی جا سکتیں، تاہم مسافروں اور عملے کی حفاظت ادارے کی اولین ترجیح ہے۔
واضح رہے کہ الزامات ابھی عدالت میں ثابت نہیں ہوئے اور تھائی حکام معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








