بلوچستان کے اضلاع قلات اور گوادر میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ اس دوران مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے میجر وجاہت وحید شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، بلوچستان کے دو مختلف حصوں (گوادر اور قلات) میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کلیئرنس اور سرچ آپریشنز عمل میں لائے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران سکیورٹی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاروں دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر نے بتایا کہ گوادر کے علاقے پسنی میں جاری کلیئرنس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا دھماکا کیا گیا۔ اس کٹھن اور خطرناک صورتحال میں میجر وجاہت وحید نے شجاعت اور بہادری کی لازوال مثال قائم کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے سکیورٹی فورسز کے پرعزم جوانوں کی قربانیوں کا یہ سفر پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رہے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








