بھارت کے افق پر موجود ڈیپ ڈپریشن کے زیر اثر نئی مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہوگئیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست مدھیہ پردیش پر موجود ڈیپ ڈپریشن مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے زیر اثر مون سون ہوائیں مسلسل پاکستان کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سبب بن رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مدھیہ پردیش پر موجود ڈپریشن مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے اور مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہورہی ہیں۔ اس موسمی نظام کے باعث آج اور یکم اگست کو مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد، پوٹھوہار، پشاور، نوشہرہ، لاہور، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کے علاوہ سندھ کے نشیبی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ جبکہ بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
اپنی حالیہ پیشگوئی میں محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ بالائی خیبر پختونخوا، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، کے پی کے، ڈی جی خان اور خیبر پختونخوا کے برساتی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں فلیش شلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا، اسلام آباد اور پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمایت کا کہنا ہے کہ چند مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش بھی ہوسکتی ہے۔ سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے، شہریوں کو بلا ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








