راولپنڈی: بیوی نے شوہر کو زہر دیا، گلا دبا کر قتل کیا، لاش ویرانے میں پھینک دی

تازہ ترین

تازہ ترین

لاش
(فوٹو: آن لائن)

راولپنڈی پولیس نے 5 ماہ قبل شوہر کو زہر دے کر قتل کرنے والی بیوی کو ساتھی ملزم سمیت گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان نے مقتول فیصل کو زہر دیا، گلا دبا کر قتل کیا اور پھر لاش ویرانے میں پھینک دی تھی۔

تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ 5 ماہ پرانے اندھے قتل کا معمہ حل ہوگیا، جاں بحق شخص کی اہلیہ اور ساتھی ہی قتل میں ملوث ہیں۔ 5 ماہ قبل ایک شہری کی لاش ویرانے سے ملی تھی جس کی شناخت فیصل کے نام سے ہوئی۔

صدر بیرونی پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش کا آغاز کیا گیا۔ مقتول کی اہلیہ نے اپنا نام حرا بتایا، جسے شامل تفتیش کیا گیا۔ خاتون کو شامل تفتیش کرنے سے قبل پوسٹ مارٹم رپورٹ اور فرانزک رپورٹ سے مدد لی گئی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے دوران تفتیش شوہر کے قتل کا اعتراف کرلیا۔ خاتون نے اپنے ساتھی  کے ساتھ مل کر پہلے اپنے شوہر کو زہر دیا، پھر گلا دبا کر قتل کیا اور بعد میں لاش کو گاڑی میں لے جا کر ویران مقام پر پھینک دیا گیا تھا۔

گرفتار ملزمہ حرا کے ساتھی کی شناخت مرسلین کے نام سے ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واردات میں استعمال کی گئی گاڑی برآمد کرلی گئی ہے جبکہ ملزمان سے واقعے کے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔

Related Posts