مٹیاری: ریلوے ٹریک کی مرمت جاری، ڈاؤن ٹریک شام تک بحال کرنیکی کوشش

تازہ ترین

تازہ ترین

مٹیاری
(فوٹو: آن لائن)

مٹیاری میں ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی کا کام جاری ہے، ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کوشش ہے ڈاؤن ٹریک شام تک بحال ہوجائے۔

تفصیلات کے مطابق مٹیاری میں وہاب شاہ کے مقام پر ریلوے اسٹیشن کے قریب گاڑی الٹنے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک بری طرح متأثر ہوا۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں متأثرہ مال بردار ٹرین کی بوگیوں کو ٹریک سے ہٹانے کا کام جاری ہے۔

ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں متأثرہ ریلوے ٹریک کی مرمت اور بحالی شروع کی جائے گی۔ کوشش کی جارہی ہے کہ ڈاؤن ٹریک آج شام تک بحال کردیا جائے۔ واضح رہے کہ ڈاؤن ٹریک کی عدم بحالی کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت بری طرح متأثر ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ کے ضلع مٹیاری میں وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب مال گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی، جس کے نتیجے میں 17 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں اور ریلوے کے دونوں ٹریک متاثر ہوگئے۔

گزشتہ روز سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق ریلوے حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد اپ اور ڈاؤن ٹریک مکمل طور پر بند ہوگئے جبکہ مختلف ٹرینوں کو راستے میں موجود اسٹیشنز پر روک دیا گیا۔

ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی کے مطابق روہڑی اور کوٹری سے امدادی ٹرینیں جائے حادثہ کیلئے روانہ کردی گئی تھیں، جبکہ متاثرہ ٹریک کی بحالی کا کام گزشتہ روز سے آج تک جاری ہے۔۔

Related Posts