کراچی میں نابینا افراد کے احتجاج کے باعث مختلف علاقوں میں ٹریفک جام ہوگیا۔
نابینا افراد کی جانب سے پریس کلب چوک کے قریب مظاہرہ کیا گیا۔ جس کے نتیجے میں پریس کلب سے فوارہ چوک آنے اور جانے والے دونوں ٹریک بند ہوگئے۔
سڑکیں بند ہونے سے آئی آئی چندریگر روڈ، شاہین کمپلیکس اور اطرف کی سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں تمام نابینا افرادکو مستقل ملازمتیں دی جائیں، وزیراعلیٰ مستقل ملازمت کی سمری منظور کریں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات ہونے تک دھرنا جاری رہے گا۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک جام کا نوٹس لے لیا۔ ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ نے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو ٹریفک منیجمنٹ کی ہدایت کی ہے اور ضلعی پولیس اور انتظامیہ کو بھی ٹریفک پولیس کی مدد کرنےکی ہدایت کی۔