فیبی بفے عرف لیزا مبینہ طور پر میتھیو پیری کے کتے کو گود لے رہی ہیں۔
ڈیلی میل کے مطابق میتھیو پیری کی المناک موت کے بعد فرینڈز کے تمام اداکاروں نے میتھیو کی آخری رسومات میں شرکت کی جس میں لیزا بھی شامل تھیں اور لیزا نے اداکار کے کتے الفریڈ کو گود لینے کا بھی ارادہ کرلیا ہے جسے 2021 میں میتھیو نے گود لیا تھا۔
28 اکتوبر کو معروف امریکی ٹی وی سیریز ’فرینڈز‘ سے شہرت پانے والے اداکار میتھیو پیری 54 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، وہ لاس اینجلس میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ذرائع نے لاس اینجلس ٹائمز کو بتایا کہ میتھیو پیری اپنے گھر کے باتھ روم میں باتھ ٹب کے اندر مردہ پائے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق میتھیو کے جسم پر کسی قسم کے تشدد یا زخمی ہونے کے نشانات نہیں پائے گئے۔
میتھیو پیری 1969 میں میساچوسٹس میں پیدا ہوئے تھے اور والدین کی علیحدگی کے بعد لاس اینجلس میں رہنے لگے۔
ان کی والدہ کینیڈا کی صحافی تھیں جنہوں نے وزیر اعظم پیئر ٹروڈو کے پریس سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں، ان کے والد ایک امریکی اداکار تھے۔