قاہرہ امن کانفرنس کے دوران اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کو خوراک، پانی اور ادویات میسر نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قاہرہ امن کانفرنس سے خطاب کے دوران سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امعداد مسلسل فراہم کرنا ہوگی۔ اقوامِ متحدہ امداد میں اضافے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔
سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے کہا کہ حماس اسرائیل تنازعے کو ختم کرنے کیلئے مختصر مدتی اہداف واضح کرنا ہوں گے جن میں غزہ کی فوری امداد، حماس کی جانب سے یرغمالیوں کی غیر مشروط رہائی اور جنگ بندی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ قاہرہ امن کانفرنس کا انعقاد مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کیا جس میں دنیا بھر کے رہنماؤں کو اظہارِ خیال کی دعوت دی گئی۔ کانفرنس کا مقصد 7اکتوبر سے جاری حماس اسرائیل جنگ اور بد ترین بمباری میں کمی لانا ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا ہے کہ میں نے انسانی تباہی رونما ہوتے دیکھی ہے۔ خوراک اور دیگر ضروری امدادی سامان سے لدے سینکڑوں ٹرک مصر کی سرحدی حدود میں موجود تھے، غزہ میں 20لاکھ لوگ خوراک اور ادویات سے محروم ہیں۔ اب تک بھیجی گئی امداد ناکافی ہے۔