لبنان میں ایک نومولود بچی کو اس کی ماں نے جنگلی جانوروں کی غذا بننے کے لئے چھوڑ دیا تھا لیکن اسے ایک آوارہ کتے نے دیکھا، تو معجزانہ طور پر محفوظ مقام پر لے گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق کتے نے بدھ کے روز لبنان کے شمالی شہر طرابلس کے ٹاؤن ہال میں کچرے کے تھیلے میں بچی کو تلاش کیا اور اس کے بعد نوزائیدہ بچے کے ساتھ بیگ کو گھسیٹنا شروع کیا، تو ایک راہگیر نے اس کے رونے کی آواز سُن لی اور یوں نوزائیدہ معصوم کی جان بچ گئی۔
بچی کو قریبی اسلامی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے حالت نازک ہونے کے باوجود اسے بہتر قرار دیا، دوسری طرف واقعہ سوشل میڈیا پر شیئر ہونے کے بعد لوگوں نے بچی کے زندہ سلامت رہنے کو ایک معجزہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں:
ایئرپورٹ آوٹ سورس کرنے کا کیا مطلب ہے، اس سے ملک کو فائدہ ہوگا یا نقصان؟
سوشل میڈیا پر بچی کی شئیر ہونے والی تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کے جسم پر زخموں کے نشان موجود ہیں لیکن کہا جارہا کہ وہ جلد ان زخموں سے صحت یاب ہوجائے گی۔
بچی کی تصاویر آن لائن شیئر کی گئی ہیں جس میں دکھایا گیا ہے کہ اس کو خوفناک آزمائش کے دوران زخم اور کٹ لگ گئے تھے۔

اس واقعے کے سامنےآنے پر ملک میں بڑے پیمانے پر غم و غصہ پایا جاتا ہے اور اس فعل کی مذمت کی جاتی ہے، تاہم کئی لوگوں کا ماننا ہے کہ کتے میں ’مجرم‘ والدین سے زیادہ ’انسانیت‘ تھی۔
ایک صارف فرید نے ٹویٹر پر کہا کہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ کتا ایک ناپاک جانور ہے اور یقیناً یہ سچ نہیں ہے، کتے میں بہت زیادہ انسانیت اور ذہانت ہے۔
اس کے علاوہ بہت سے لوگوں نے بچی کو گود لینے میں بھی اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے لیکن پولیس فی الحال اس بات کی تحقیقات کر رہی ہے کہ بچی کو لاوارث چھوڑنے کے پیچھے کون ملوث ہے۔
واضح رہے کہ بچوں کو اس طرح لاوارث چھوڑنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ غریب ملک کا معیار زندگی بہتر نہیں ہے، طرابلس، جو لبنان کا دوسرا بڑا شہر ہے، ملک میں غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے۔