پاکستان اور سوڈان نے سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزے کے بغیر ایک دوسرے کے ملک سفر کرنے کی سہولت دینے کے معاہدے پر دستخط کر دئیے۔
معاہدے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور سوڈان کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل باباکر سمرا مصطفیٰ علی نے اسلام آباد میں دستخط کیے۔ دونوں وزرا نے اسے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور سرکاری سطح پر روابط بڑھانے کی اہم پیش رفت قرار دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ معاہدے سے اعلیٰ سطح کے دوروں اور سرکاری وفود کے تبادلوں میں آسانی پیدا ہوگی جبکہ سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور ادارہ جاتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق نادرا کے تعاون سے سوڈان میں 3 کروڑ 60 لاکھ شہریت کارڈز، 90 لاکھ قومی شناختی کارڈز، ایک کروڑ 80 لاکھ پیدائشی سرٹیفکیٹس اور 5 لاکھ ڈیتھ سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے نادرا کی جانب سے مزید تعاون جاری رکھنے کی پیشکش بھی کی۔
محسن نقوی نے سوڈانی پولیس افسران کو پیشہ ورانہ تربیت اور سوڈانی شہریوں کو پاکستان میں طبی سہولیات فراہم کرنے کی آمادگی ظاہر کی۔ سوڈانی وزیر داخلہ کی درخواست پر پاکستانی شہریوں سے شادی کرنے والی سوڈانی خواتین کے ویزا مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
سوڈانی وزیر داخلہ نے پاکستان کی حمایت اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ روابط مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








