پسرور کے قریب 2 گاڑیوں کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے حادثے کا نوٹس لے لیا ہے۔
ضلع سیالکوٹ کی پسرور روڈ پر دو گاڑیوں کے درمیان تصادم کے باعث ہونے والے حادثے میں 3 افراد موقعے پر دم توڑ گئے جبکہ 3 افراد کو ہسپتال پہنچا دیا گیا، تاہم کچھ وقت کے بعد وہ بھی جانبر نہ ہوسکے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں فیس بک پر اسٹیٹس لگانے کی وجہ سے نوجوان کو قتل کردیا گیا
جاں بحق ہونے والوں میں ڈرائیور کے ساتھ ساتھ محمد فاروق، محمد یعقوب، رضیہ مظفر، صدف ذوالفقار اور سفیان علی شامل ہیں جبکہ متوفیان کی لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں۔
زیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع کو افسوسناک قرار دیا اور ضلعی انتظامیہ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں ہونے والے افسوس ناک حادثے میں میاں، بیوی اور بیٹا اپنے ملازم سمیت جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
سرگودھا میں 5 نومبر کو قومی شاہراہ موٹر وے پر پیش آنے والے حادثے میں دنیا پور سے تعلق رکھنے والے محمد رمضان اپنے ملازم، اہلیہ اور بیٹے سمیت شور کوٹ انٹرچینج کے قریب جاں بحق ہوگئے۔
مزید پڑھیں: سرگودھا میں کار حادثہ: میاں، بیوی اور بیٹا ملازم سمیت جاں بحق ہو گئے