نو مئی حملہ کیس، 47 ملزمان کو 10، 10 سال قید، جائیدادیں بھی ضبط کرنے کا حکم

تازہ ترین

تازہ ترین

9 مئی کیس
(فوٹو: آن لائن)

راولپنڈی: انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں 47 اشتہاری ملزمان کو 10، 10سال قید کی سزا سنادی۔ عدالت نے ملزمان کی جائیداد بھی ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے 47 اشتہاری ملزمان کے خلاف تمام ملزمان کا علیحدہ ٹرائل چلائے جانے کے بعد فیصلہ سنایا۔ سزا پانے والے ملزمان پر 9 مئی کے واقعات کی سازش میں ملوث ہونے کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی جے آئی ٹی نے ملزمان کو منصوبہ بندی میں مرکزی ملزم قرار دیا تھا جن میں عمر ایوب، زرتاج گل وزیر، شیخ راشد شفیق، زلفی بخاری، مراد سعید، علی امین گنڈاپور، شہباز گل، حماد اظہر، اعظم سواتی اور شاندانہ گلزار کے نام شامل ہیں۔

اس کے علاوہ 9 مئی حملہ کیس میں رائے مرتضیٰ، رائے حسن نواز، احمد چٹھہ، اعجاز جازی، عثمان سعید، شوکت بھٹی، کنول شوذب اور شبلی فراز سمیت دیگر ملزمان کے نام بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں مجموعی طور پر 118 افراد کو ملزمان نامزد کیا گیا تھا۔

نامزد کردہ 118ملزمان میں سے 18 ملزمان کو مقدمے کی سماعت کے دوران اشتہاری قرار دیا گیا جبکہ 29 ملزمان نے مقدمہ درج ہونے کے بعد عدالت میں پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ ملزمان پر جی ایچ کیو گیٹ، حمزہ کیمپ اور آرمی میوزیم پر حملوں کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں ملزمان پر جلاؤ گھیراؤ، توڑ پھوڑ اور سرکاری عمارات اور مقامات کو بھی نقصان پہنچانے کے سنگین الزامات کے تحت مقدمہ چلایا گیا۔ عدالت نے 47 اشتہاری ملامزن کے خلاف علیحدہ ٹرائل کی تکمیل کے بعد فیصلہ جاری کیا جس میں تمام سزا یافتہ ملزمان کو 10، 10سال قید اور جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

Related Posts