پنجگور میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران فتنہ الہندوستان کے سرغنہ ولید جمال سمیت 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پنجگور کے علاقے سرکینی چھیدگی میں کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آپریشن رد الفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 4موٹر سائیکلز، مشین گنز، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران سرغنہ سمیت 5دہشت گردوں کی ہلاکت کے بعد علاقے سے مزید دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیرنس آپریشن جاری ہے۔ دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز کی جنگ جاری رہے گی۔
خیال رہے کہ پنجگور میں دہشت گردوں کے خلاف یہ پہلی کارروائی نہیں ہے، اس سے قبل سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں منظم دہشتگرد حملے کو ناکام بناتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا تھا۔
رواں برس مارچ کے دوران رات دیر گئے نامعلوم مسلح افراد نے گرمکن اور خدا آبادان کے علاقوں میں گھروں میں داخل ہو کر ڈکیتی اور لوٹ مار کی، رہائش گاہوں کو نقصان پہنچایا اور متعدد گاڑیاں آگ لگا دیں۔
اسی دوران سیکیورٹی فورسز کو بروقت اطلاع موصول ہوئی تو انہوں نے فوری طور پر کارروائی شروع کی اور حملہ آوروں کا مقابلہ کیا۔ اس تبادلے میں 6 دہشت گرد ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








