وفاقی وزیرِ ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں فارن فنڈنگ کیس کو بہت بڑی بات بنا کر پیش کر رہی ہیں جبکہ پہلے بھی یہ کیس الیکشن کمیشن میں 10 ماہ تک التواء کا شکار رہا۔
دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ چائے کی پیالی میں طوفان اٹھایا جا رہا ہے جبکہ الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی حالیہ دنوں میں بنائی ہے جس کے سامنے حقائق رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: فارن فنڈنگ پر مؤقف الیکشن کمیشن میں رکھیں گے۔ فردوس عاشق اعوان
وزیرِ ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے۔ ملک کی ہر سیاسی جماعت پر اس کا اطلاق یکساں ہوتا ہے، تحریکِ انصاف نہ پہلے کسی سے کچھ چھپا رہی تھی، نہ آگے چھپائے گی۔
حماد اظہر نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کو سیاسی رنگ دیا جارہا ہے جبکہ عالمی اداروں کے مطابق موجودہ الیکشن اس سے قبل ہونے والے انتخابات کے مقابلے میں زیادہ شفاف اور غیر جانبدارانہ تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ ہم بیرونی قرضوں کی واپسی کے تمام ریکارڈ توڑیں گے،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کے باعث آئندہ مہینوں میں مہنگائی میں کمی ہوگی۔
انہوں نے 20 روزقبل بتایا کہ کار کے کیس میں پاکستان کو بڑی کامیابی ملی ہے،معیشت میں اب آپ کو مزید بہتری نظر آئے گی، تین ماہ میں اسٹاک ایکسچینج میں 5500 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے،ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے ، ادارہ سے ملازمین کو فارغ کرنے کا کوئی منصوبہ یا ارادہ نہیں۔
مزید پڑھیں: بیرونی قرضوں کی واپسی کے تمام ریکارڈ توڑ دیں گے، حماد اظہر