کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی مزید مہنگی؟ جانیں اگلے ماہ بلوں میں کتنا اضافہ ہوگا

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

بجلی کے بلوں میں کمی کا فائدہ اٹھانے والے صارفین کے لیے اب ایک بار پھر تشویش کی خبر سامنے آگئی کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کے نرخوں میں کمی کا موجودہ سہ ماہی ریلیف رواں ماہ ختم ہونے جارہا ہے جس کے بعد اگلے ماہ سے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بجلی صارفین کو اس وقت سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کا ریلیف دیا جارہا ہے۔ جنوری سے مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملک بھر کے صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف حاصل ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ سہ ماہی ریلیف جون 202 سے نافذ ہے تاہم اس کی تین ماہ کی مدت اگست میں مکمل ہوجائے گی۔ موجودہ ایڈجسٹمنٹ ختم ہونے کے بعد اپریل سے جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اگلے ماہ یعنی ستمبر سے لاگو ہونے کا امکان ہے۔

دوسری جانب نئی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست بھی جمع کروا دی ہے۔ درخواست میں بجلی صارفین پر 23 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ منتقل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست منظور ہونے کی صورت میں بجلی کے نرخوں میں تقریباً ایک روپے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے تاہم سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی کتنی مہنگی ہوگی اس کا حتمی فیصلہ نیپرا ہی کرے گا۔

یوں موجودہ ریلیف کی مدت ختم ہونے کے بعد ملک بھر کے بجلی صارفین کو اگلے ماہ سے نئے نرخوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جبکہ حتمی اضافے کا انحصار نیپرا کے فیصلے پر ہوگا۔

Related Posts