محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں شام یا رات کے دوران بعض مقامات پر آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ صبح یا رات کے اوقات میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا 40 فیصد امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم مری، گلیات، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، اوکاڑہ، شیخوپورہ، جہلم اور گردونواح میں شام یا رات کے وقت بعض مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہے گا، جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند اور خیبر میں شام یا رات کے اوقات میں بعض مقامات پر بارش اور گرج چمک ہوسکتی ہے۔
علاوہ ازیں سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، جبکہ ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم گرم اور مرطوب رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
آزاد جموں و کشمیر میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ بعض مقامات پر بارش اور گرج چمک کا امکان ہے، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








