واشنگٹن: وال اسٹریٹ جنرل نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری جنگ کسی نئے جوہری معاہدے کے بغیر ختم کرنے پر بھی آمادہ ہیں، تاہم تہران کی جانب سے آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے عائد سخت شرائط نے واشنگٹن کی تنازع سے نکلنے کی کوششیں پیچیدہ بنا دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وال اسٹریٹ جرنل نے امریکی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ نے گزشتہ چند ہفتوں کے دوران اپنے اعلیٰ معاونین سے نجی گفتگو میں یہ امکان ظاہر کیا کہ امریکا نئے جوہری معاہدے کے بغیر بھی جنگ سے نکل سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر ایران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دیتا ہے اور بین الاقوامی بحری آمدورفت بحال ہوجاتی ہے تو ٹرمپ امریکی فوجی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے یا موجودہ جنگ بندی کو غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے پر زیادہ آمادگی ظاہر کرسکتے ہیں۔
تاہم وال اسٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ ہفتے کے روز ایران کی جانب سے جنگ کے خاتمے اور آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے سامنے آنے والی متعدد سخت شرائط نے ٹرمپ کے لیے تنازع سے نکلنے کا راستہ مزید دشوار کردیا ہے۔
اپنی رپورٹ میں وال اسٹریٹ جرنل کا کہنا ہے کہ ایران نے اربوں ڈالر کے امریکی معاوضے، خطے سے امریکی فوجی انخلا اور ایران کی بندرگاہوں پر عائد امریکی بحری ناکہ بندی کے خاتمے سمیت دیگر مطالبات پیش کیے ہیں۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق آبنائے ہرمز میں آزادانہ بحری آمدورفت بحال کرنے کے بدلے ایران کی جانب سے یہ اب تک کا سب سے بڑا قیمت کا مطالبہ ہے۔دریں اثنا ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد باقر ذوالقدر نے جمعہ کو کہا کہ امریکا اپنا طرز عمل تبدیل کیے بغیر آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کی توقع نہ رکھے۔
ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا کے سامنے چھ شرائط رکھی ہیں۔
ان شرائط میں ایران، لبنان، یمن، عراق اور فلسطین کے خلاف تمام امریکی جارحانہ کارروائیوں کا خاتمہ، ایران کو زبانی دھمکیوں سے گریز، بحری ناکہ بندی ختم کرکے امریکی بحری اور فضائی افواج کا انخلا، جنگوں کے باعث ایران کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ، ایران پر عائد تمام پابندیوں کا خاتمہ اور منجمد ایرانی اثاثوں کی بحالی شامل ہے۔
دوسری جانب امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن ایران کے خلاف اپنے تمام فوجی اہداف حاصل کرچکا ہے اور اب صدر ٹرمپ کی ترجیح عالمی توانائی کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرانا ہے۔وائٹ ہاؤس کے ایک عہدیدار نے وال اسٹریٹ جرنل کو بتایا کہ اگر ایران نے مزید بحری جہازوں کو نشانہ بنایا تو امریکا فوجی کارروائی کا آپشن برقرار رکھے گا۔
یہاں وال اسٹریٹ جرنل نے واضح کیا کہ امریکی حکام کو یہ بھی توقع ہے کہ اگر تہران آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھول دیتا ہے تو صدر ٹرمپ ایران کی بندرگاہوں کے خلاف امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرسکتے ہیں۔خیال رہے کہ ٹرمپ نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں ایک انتظامی حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے ایران کے ساتھ جنگ جلد ختم ہونے کی امید ظاہر کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں یہ جنگ بہت جلد ختم ہوجائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








