اسلام آباد اور راولپنڈی میں مذہبی جماعت کی ممکنہ احتجاجی کال کے پیشِ نظر پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے سکیورٹی کے سخت اقدامات کرتے ہوئے مختلف اہم شاہراہوں اور داخلی راستوں کو مکمل طور پر بند کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں شہروں کے درمیان مجموعی طور پر 37 مقامات پر کنٹینرز، ٹریلرز اور دیگر رکاوٹیں لگا دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق ٹریفک کے لیے مری روڈ، فیض آباد، موتی محل چوک، شمس آباد، دھوک کلاں، آئی جے پی روڈ، پنڈورہ چوک، کھنہ پل اور چک مدد کے مقامات بند کر دیے گئے ہیں۔
ٹی ایل پی کا ممکنہ احتجاج۔حکومت کی کنٹینرز کےساتھ تیاری مکمل، اسلام آباد پولیس کے برے دن ہیں، پہلے آزاد کشمیر میں پٹی، اب اپنے ہی شہر میں تاریخ رقم ہوگی۔ pic.twitter.com/DZhAwoIVPu
— Sumeera Riaz (@SumeeraAli7) October 10, 2025
اسی طرح راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے تمام راستے بھی مکمل طور پر سیل کر دیے گئے ہیں۔
جی ٹی روڈ پر بھی مختلف مقامات پر ٹریفک کی روانی معطل ہے جن میں ٹیکسلا چوک، برہما انٹرچینج، فتح جنگ ٹول پلازہ، چک بیلی موڑ، گوجر خان، مندرہ ٹول پلازہ اور چکوال موڑ شامل ہیں۔
سکیورٹی کے پیشِ نظر کلمہ چوک، رحیم آباد، گلزارِ قائد، سوان پل اور اڈیالہ روڈ پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق شہر میں مجموعی طور پر 6 ہزار سے زائد اہلکار اور افسران تعینات کیے گئے ہیں جبکہ 37 مقامات پر حفاظتی چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں۔

ڈیوٹی پر موجود افسران کو فسادات روکنے کے لیے آنسو گیس، ربڑ کی گولیاں اور 12 بور اسلحہ فراہم کیا گیا ہے۔ ایس پی کے عہدے سے نیچے کے افسران کو فائر آرم رکھنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
سٹی پولیس آفیسر خالد حمدانی خود کمانڈ اینڈ کنٹرول کی نگرانی کر رہے ہیں۔ مری روڈ پر شالیمار چوک سے فیض آباد تک 13 خصوصی پولیس ٹیمیں اور عمارتوں کی چھتوں پر دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
جب پنجاب سے لیکر اسلام آباد تک PTI کے کارکنوں پر بدترین شیلنگ اور فائرنگ کی جارہی تھی ، تب TLP خاموش رہی لیکن پی ٹی آئی اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائے گی۔
یہ پنجاب پولیس اب اسرائیل پولیس بن چکی ہے۔ شہریوں پر تیزاب پھینکنا بند کرو۔#اسرائیل_نوازخون_لیگ #عمران_احمد_خان_نیازی pic.twitter.com/SiypF5Qpcl
— Haider Ali (@Haider4PTI) October 10, 2025
ضلعی انتظامیہ نے چار دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت ہر قسم کے جلسے، جلوس، عوامی اجتماع اور موٹر سائیکل پر ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
احتیاطی تدابیر کے طور پر راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سروس کو بھی مکمل طور پر معطل کر دیا گیا ہے اور تمام اسٹیشنوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارتِ داخلہ کے حکم پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروسز بھی غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔













گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








