اسلام آباد: معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ مولانا صاحب 13کے سکور پر بولڈ ہوگئے ہیں ، عمران خان نے 126اسکور کیا تھا ،مولانا کا پلان بی بھی پلان اے کی طرح ناکام و نا مراد ثابت ہو گا۔
اسلام آبادمیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ گزشتہ روز سے نواز شریف کے بیرون ملک علاج کیلئے روانگی سے متعلق سیاسی بیانات آ رہے ہیں،ایسا تاثر دیا گیا کہ شیورٹی بانڈز کا مقصد کوئی سیاسی فائدہ حاصل کرنا تھا جو غلط ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کرنے سے سب کو منع کیا،نواز شریف کو صرف انسانی بنیاد پر علاج معالجے کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت دی گئی۔ انہوںنے کہاکہ جنرل پرویز مشرف اور نواز شریف کے کیسز میں بنیادی فرق ہے۔
جنرل پرویز مشرف کسی عدالت سے سزا یافتہ نہیں تھے نا ہی ان کا نام ای سی ایل میں تھا،نواز شریف عدالتوں سے سزا یافتہ ہیں اور انکا نام ای سی ایل میں تھا۔ فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ بانڈز کا مقصد ایک قانونی تقاضا ہے جس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں،بانڈز میں کیش رقم کا تقاضا نہیں کیا گیا، قانون کے مطابق واپسی کی گارنٹی مانگی گئی۔
یہ خبر بھی پڑھیں: حکومت شیورٹی بانڈ کے نام پرتاوان لیناچاہتی ہے، شہباز شریف