آئندہ چند روز قومی اسمبلی کے لیے انتہائی اہم قرار دئیے جا رہے ہیں کیونکہ وفاقی بجٹ 2026-27 کی منظوری کے عمل کو حتمی مرحلے میں داخل کر دیا گیا ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ محرم الحرام کی 9 اور 10 تاریخ سے قبل بجٹ اور اس سے متعلق تمام ضروری مالی امور کی پارلیمانی منظوری حاصل کر لی جائے جبکہ اپوزیشن بھی کٹ موشنز کے ذریعے اپنی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔
پارلیمانی ذرائع کے مطابق فنانس بل 2026 کو 23 جون بروز منگل قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اسکے ایک روز بعد یعنی 24 جون بروز بدھ مالی سال 2024-25 اور 2025-26 کے ریگولر اور ٹیکنیکل ضمنی گرانٹس ایوان سے منظور کروانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت بجٹ 2026-27 کی منظوری کا پورا عمل محرم الحرام کی 9 اور 10 تاریخ جو بالترتیب 25 اور 26 جون کو ہوں گی سے پہلے مکمل کرنا چاہتی ہے تاکہ پارلیمانی کارروائی طے شدہ شیڈول کے مطابق اختتام پذیر ہو سکے۔
بجٹ پر جاری بحث ہفتے کی دوپہر تک جاری رہے گی جس کے بعد ہفتہ 20 جون کی شام وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب قومی اسمبلی میں بجٹ بحث کو سمیٹیں گے۔ اپنے اختتامی خطاب میں وہ سینیٹ کی جانب سے بجٹ کے حوالے سے دی گئی سفارشات بھی ایوان کے سامنے رکھیں گے۔
اتوار کے روز وزیر خزانہ مالی سال 2026-27 کے لیے گرانٹس اور اخراجات سے متعلق مطالبات قومی اسمبلی میں پیش کریں گے جن پر ارکان بحث کریں گے اور کٹ موشنز کے حوالے سے ووٹنگ بھی ہوگی۔اسی دوران مالی سال2016-17 اور 2024-25کے اضافی بجٹ گوشوارے بھی ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔
مالی سال 2026-27 کا سالانہ بجٹ اسٹیٹمنٹ بھی قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا جس میں مالی سال 2025-26 کے نظرثانی شدہ تخمینے شامل ہوں گے۔ذرائع کے مطابق گرانٹس کے مطالبات اور کٹ موشنز پر بحث اور ووٹنگ کا عمل اتوار اور پیر دونوں روز جاری رہے گا۔
اپوزیشن جماعتیں مختلف وزارتوں اور سرکاری اداروں کے بجٹ مطالبات کے خلاف کٹ موشنز پیش کریں گی جن پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بالخصوص پی ٹی آئی اور جمعیت علمائے اسلام ف کی جانب سے متعدد کٹ موشنز قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے متعلقہ ونگ میں جمع کروائی جا رہی ہیں۔
پارلیمانی شیڈول کے تحت 23 جون کو فنانس بل 2026 کی منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی جبکہ 24 جون کو ضمنی گرانٹس قومی اسمبلی سے منظور کرائی جائیں گی جس کے بعد بجٹ کی منظوری کا عمل اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








