گھر بیٹھے کاروبار کے لیے قرض حاصل کریں! یکم نومبر سے اسٹیٹ بینک کا نیا نظام نافذ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو بینکوں سے مالی معاونت حاصل کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ایس ایم ای کنیکٹ (SMEConnect) متعارف کروادیا ہے جس کے ذریعے کاروباری افراد گھر بیٹھے آن لائن فنانسنگ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

مرکزی بینک کے اعلان کے مطابق یکم نومبر 2026 سے ایس ایم ای فنانسنگ کی تمام درخواستیں صرف اسی پورٹل کے ذریعے وصول کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد کاروباری افراد اور بینکوں کے درمیان رابطے کو آسان بنانے کے ساتھ قرض کے حصول کے عمل میں شفافیت اور تیزی لانا ہے۔ پورٹل اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں دستیاب ہے۔

درخواست دینے کا طریقہ کیا ہوگا؟

فنانسنگ کے خواہش مند افراد سب سے پہلے smeconnect.sbp.org.pk پر جائیں اور اپنی اہلیت کا معیار چیک کرنے کے بعد نیا اکاؤنٹ بنائیں۔ رجسٹریشن کے لیے مکمل نام، موبائل نمبر، ای میل، جنس، شناختی کارڈ نمبر اور پاس ورڈ درج کرنا ہوگا۔ موصول ہونے والے سیکیورٹی کوڈ کی تصدیق کے بعد اکاؤنٹ فعال ہوجائے گا۔ پہلے سے رجسٹرڈ صارفین ای میل اور پاس ورڈ یا گوگل اکاؤنٹ کے ذریعے لاگ اِن کرسکتے ہیں۔

کاروباری بینک اکاؤنٹ کی تصدیق

اگلے مرحلے میں کاروباری لین دین کے لیے استعمال ہونے والے بینک اکاؤنٹ کا آئی بین (IBAN) درج کرنا ہوگا۔ پورٹل خودکار طریقے سے متعلقہ بینک کی شناخت اور اکاؤنٹ کی تصدیق کرے گا۔ اگر کسی کاروباری شخص کا بینک اکاؤنٹ موجود نہیں تو اسے پہلے اکاؤنٹ کھلوانا ہوگا۔

کاروبار کی تفصیلات اور فنانسنگ درخواست

اکاؤنٹ کی تصدیق کے بعد کاروبار کا نام، مالک کا شناختی کارڈ، ای میل، کاروبار کی نوعیت، این ٹی این، رجسٹریشن کی حیثیت، پتہ، قیام کا سال، سالانہ فروخت، کاروباری جگہ اور رجسٹریشن اتھارٹی سمیت دیگر معلومات درج کرنا ہوں گی۔ تفصیلات محفوظ کرنے کے بعد صارف کو ڈیش بورڈ تک رسائی مل جائے گی۔

یہاں ’Apply for New Financing‘ کے ذریعے نئی درخواست شروع کی جاسکے گی جس میں کاروبار کی معلومات، مطلوبہ فنانسنگ کی نوعیت، رقم اور واپسی کی مدت درج کرنا ہوگی۔ دستیاب طریقوں میں اسلامی فنانسنگ بھی شامل ہے۔

تمام معلومات کا جائزہ لینے کے بعد درخواست جمع کرائی جاسکتی ہے یا اسے ڈرافٹ کی صورت میں محفوظ رکھا جاسکتا ہے۔ حتمی درخواست کے لیے ’Submit Application‘ پر کلک کرکے شرائط اور حلف نامہ قبول کرنا ہوگا۔ اس کے بعد کیس آئی ڈی، جمع کروانے کی تاریخ، متعلقہ بینک اور درخواست کا اسٹیٹس فراہم کردیا جائے گا۔

درخواست کے بعد کیا ہوگا؟

کاروباری افراد ’Track Application‘ کے ذریعے اپنی درخواست کی پیش رفت دیکھ سکیں گے۔ متعلقہ بینک فراہم کردہ موبائل نمبر یا ای میل پر رابطہ کرے گا۔ درخواست منظور کرنے یا مسترد کرنے کا فیصلہ بینک اپنی جانچ پڑتال اور تشخیص کے بعد کرے گا۔ مکمل اور درست دستاویزات کی صورت میں اسٹیٹ بینک کی مقررہ ہدایات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔

دوبارہ لاگ اِن کے لیے رجسٹرڈ ای میل اور پاس ورڈ کے بعد چھ ہندسوں کا او ٹی پی درج کرنا ہوگا جبکہ بھولا ہوا پاس ورڈ ’Forgot Password‘ کے ذریعے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

رہنمائی اور شکایات کے لیے رابطہ

اسٹیٹ بینک نے پورٹل استعمال کرنے کا مرحلہ وار ویڈیو ٹیوٹوریل بھی فراہم کیا ہے۔ مزید معلومات کے لیے ای میل smeconnect@sbp.org.pk یا ہیلپ لائن +92 21 111 727 273 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ شکایات اسٹیٹ بینک کے ’سنوائی‘ پورٹل یا موبائل ایپ کے ذریعے درج کرائی جاسکتی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ اقدام چھوٹے کاروباروں کو قرضوں کی سہولت تک رسائی دینے کی مرکزی بینک کی کوششوں کا حصہ ہے۔ اسٹیٹ بینک اس سے قبل ایس ایم ای فنانسنگ کی حد بھی بڑھا کر 50 کروڑ روپے (500 ملین روپے) تک کرچکا ہے۔

Related Posts