پاکستانی اداکارہ اور ماڈل نمرہ خان ایک بار پھر اپنی نجی زندگی کے حوالے سے خبروں کی زد میں ہیں۔ شوبز انڈسٹری سے طویل عرصے سے وابستہ اداکارہ کی ذاتی زندگی کے اتار چڑھاؤ ماضی میں بھی مداحوں کی توجہ حاصل کرتے رہے ہیں۔
نمرہ خان اس سے قبل ایک مبینہ طور پر ناموزوں ازدواجی رشتے سے الگ ہوچکی ہیں بعد ازاں انہوں نے اپنی دوسری شادی کی خوشخبری مداحوں کے ساتھ شیئر کی اور سوشل میڈیا پر اہل خانہ کے ہمراہ خوشگوار تصاویر بھی پوسٹ کیں تاہم کچھ عرصہ گزرنے کے بعد ان کے نئے ازدواجی رشتے میں بھی مبینہ اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں۔

حالیہ دنوں میں نمرہ خان اور زین حمید کے درمیان مبینہ طلاق کی افواہوں نے اس وقت مزید زور پکڑا جب دونوں نے مبینہ طور پر انسٹاگرام پر ایک دوسرے کو اَن فالو کردیا اور اپنی پوسٹس میں ایسے مبہم پیغامات شیئر کیے جنہیں صارفین مختلف انداز میں دیکھ رہے ہیں۔ اسی دوران اداکارہ کی جانب سے بھی متعدد معنی خیز پوسٹس اور اسٹوریز سامنے آئی ہیں۔
نمرہ خان اپنی سابقہ پوسٹس میں مضبوط رہنے، ذاتی حدود متعین کرنے اور خاموشی کو کمزوری نہ سمجھنے سے متعلق پیغامات شیئر کرچکی ہیں۔ دوسری جانب زین حمید نے بھی ایک پوسٹ میں لکھا، ’’At Peace Finally, Good Riddance‘‘۔ تاہم دونوں میں سے کسی نے بھی اب تک مبینہ طلاق کی افواہوں پر باضابطہ طور پر کوئی وضاحت نہیں دی۔
اب نمرہ خان نے ایک نئی انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا کہ خود غرض لوگ شادی اس لیے کرتے ہیں کیونکہ وہ حقیقی رفاقت کے بجائے ایک ’غلام‘ چاہتے ہیں۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ متعدد صارفین اس پیغام کو ان کی مبینہ ازدواجی مشکلات سے جوڑ رہے ہیں، جبکہ کچھ افراد کا کہنا ہے کہ اداکارہ کی جانب سے باضابطہ وضاحت سامنے آنے تک قیاس آرائیوں سے گریز کیا جانا چاہیے۔
فی الحال نمرہ خان نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی حالیہ پوسٹس اور اسٹوریز ان کی ذاتی زندگی سے متعلق ہیں یا نہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








