انصاف اور تحفظ نہ ملنے پر خواجہ سراء سراپا احتجاج، پولیس پر ملزمان کی پشت پناہی کا الزام

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

راولپنڈی :انصاف اور تحفظ نہ ملنے پر خواجہ سرا سراپا احتجاج، مظاہرین کا کہنا ہے کہ پولیس تحفظ دینے کی بجائے ملزمان کا ساتھ دی رہی ہے، اعلیٰ پولیس حکام اے ایس پی نیو ٹاؤن عمران خان کی جانبداری کا نوٹس لیں۔

راولپنڈی کے خواجہ سراؤں نے ڈی ایس پی آفس سرکل وارث خان کے باہر احتجاج کرتے ہوئے اے ایس پی نیو ٹاؤن عمران خان پر جانبداری اور ملزمان کی پشت پناہی کا الزام عائد کرتے ہوئے اے ایس پی نیوٹاؤن کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

خواجہ سراؤں کا کہنا تھا کہ پولیس کا کام شہریوں کی جان ومال کا تحفظ ہے مگر بدقسمتی سے چند پولیس افسران ملزمان کا تحفظ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔

خواجہ سرا فوزیہ پٹھانی کا کہنا تھاکہ گزشتہ ماہ نعمان بشیر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میرے گھر پر حملے کیا، میرے گھر میں توڑ پھوڑ اور فائرنگ بھی کی، مقدمے کے اندراج کی درخواست تھانہ بنی راولپنڈی میں دی جسکے بعد بااثر ملزمان نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے پہلے تو مقدمے کے اندراج کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں۔

انہوں نے بتایا کہ گواہان کی موجودگی اور واضح ثبوتوں کے باوجود ہماری ایف آئی آر ایک ہفتے بعد ڈی ایس پی سرکل وارث خان کی انکوائری کے بعد درج ہوئی،مقدمے کے اندراج کے بعد بااثر مافیا نے پولیس کی ملی بھگت سے ملزمان کی گرفتاری کو التوا میں ڈالا۔

فوزیہ پٹھانی کا مزید کہنا تھا کہ بااثر ملزمان دندناتے پھر رہے ہیں اور تھانہ بنی پولیس پر اثر انداز ہوکر انصاف کی راہ میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، بااثر ملزمان کو اے ایس پی نیو ٹاؤن عمران خان کی پشت پناہی حاصل ہے یہی وجہ ہے کہ پولیس نے ملزمان کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

ملزمان نے پولیس کی ملی بھگت سے اے ایس پی نیوٹاؤن کے پاس انکوائری رکھوائی ہے تاکہ وہ فائدہ حاصل کر سکیں، اے ایس پی عمران خان پر ہم نے عدم اعتماد کیا اور اسکی جانبداری پر سوال اٹھایا مگر اسکے باوجود اے ایس پی نے انکوائری کی جو سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ مقدمے کے اندراج سے قبل ڈی ایس پی سرکل وارث خان اسی مقدمے کی انکوائری کرکے رپورٹ ہمارے حق میں دے چکے ہیں۔

خواجہ سراؤں نے سی پی او راولپنڈی،آر پی او راولپنڈی اور آئی جی پنجاب سے پولیس کی جانبداری کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرکے ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ اگر ہمارا جائز مطالبہ پورا نہ ہوا تو شدید احتجاج کریں گے۔

اس موقع پر خواجہ سراؤں نے اے ایس پی نیوٹاؤن کیخلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے۔

مزید پڑھیں: ایکسائز افسران اور کار ڈیلرنے امریکہ پلٹ شہری سے 8 کروڑ لوٹ لئے

خواجہ سراؤں سے مذاکرات کےلیے ایس ایچ او تھانہ وارث خان موقع پر پہنچے اور انہوں نے مظاہرین کے مطالبات سننے کے بعد پولیس کی جانب سے ہر قسم کے تعاون اور میرٹ پر کارروائی کی یقین دہانی کروائی جسکے بعد مظاہرین پر امن منتشر ہوگئے۔