کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر عامر نواز وڑائچ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں وہ سندھ میں نئے صوبے یا انتظامی تقسیم سے متعلق مبینہ پالیسیوں کے تناظر میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے بارے میں سخت اور تند و تیز الفاظ استعمال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
یہ بیان سندھ میں نہروں، زمینوں اور صوبے کی سیاسی صورتحال پر جاری بحث اور احتجاج کے دوران سامنے آیا ہے جس کے بعد وڑائچ کی گفتگو سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آگئی ہے۔
آپ کا باپ ہو یا اس کا باپ ہو کوئی بھی سندھ تقسیم نہیں کر سگتا. pic.twitter.com/0ikDrIPj1d
— Yaseen Rind (@myaseenrind) August 21, 2026
عامر نواز وڑائچ کون ہیں؟
عامر نواز وڑائچ کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر ہیں اور جولائی 2026 کے انتخابات میں وہ مسلسل تیسری مرتبہ صدر منتخب ہوئے۔ انہوں نے صدارتی انتخاب میں 2063 ووٹ حاصل کیے۔
وہ اس سے قبل بھی سندھ کے پانی اور نہروں کے معاملات پر وکلا کے احتجاج میں نمایاں رہے ہیں۔ اپریل 2025 میں ان پر حملے کے بعد انہوں نے دریائے سندھ سے متعلق نہروں کے معاملے پر احتجاج جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا تھا۔
نئے صوبوں سے متعلق سوال پر ڈی جی آئی ایس پی آر کا جواب
یاد رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری سے پریس کانفرنس کے دوران نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس سے متعلق سوال کیا گیا تھا۔ صحافی نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے نئے صوبے یا انتظامی یونٹس بنانے سے متعلق بیان پر سوال کیا۔
جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ محسن نقوی کا بیان ان کی ذاتی رائے ہے اور وہ اس پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے تاہم انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے استحکام اور سیکیورٹی کے لیے گڈ گورننس ناگزیر ہے۔
عوامی مطالبہ
سوشل میڈیا پر عامر نواز وڑائچ کے بیان کے حوالے سے عوامی حلقوں میں شدید بے چینی اور تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئی جی سندھ اور آرمی چیف اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مذکورہ وکیل کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت کارروائی کریں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بیان میں قانون کی خلاف ورزی یا کسی ریاستی ادارے کے خلاف دھمکی آمیز زبان کا استعمال ثابت ہوتا ہے تو ذمہ دار شخص کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








