موسم سرما میں بجلی سستی کرنے کی تجویز اعلیٰ ہے،میاں زاہد حسین

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی:نیشنل بزنس گروپ پاکستان کے چیئرمین، پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ موسم کے مطابق بجلی کا ٹیرف مقرر کرنے کی تجویز درست ہے جس پر جلد از جلد عمل کیا جائے۔

موسم سرما میں بجلی سستی کرنے سے گیس کی طلب بجلی پر شفٹ ہو گی اور بجلی کی فاضل پیداوار استعمال ہو گی جس سے حکومت کو بھاری فائدہ پہنچے گا جبکہ نقصانات اور گردشی قرضہ میں کمی بھی آئے گی۔

میاں زاہد حسین نے کاروباری برادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موسم سرما میں بجلی کی طلب کم ہو جاتی ہے مگر حکومت کو نجی بجلی گھروں کو معاہدوں کے مطابق بھاری ادائیگیاں کرنا پڑتی ہیں جس کا حل موسم سرما میں بجلی سستی کرنے میں مضمر ہے جس سے اس کا استعمال بڑھ جایا کرے گا۔

گھریلو اور کمرشل صارفین کو ریلیف ملے گا، موسم سرما میں گیس کی طلب بجلی پر شفٹ ہو نے سے گیس کا بحران کم ہو جا ئے گا اور اس دوران بہت سے ضروری اشیاء بھی سستی ہو سکتی ہیں۔

توانائی کی وزارت کے ابتدائی اندازے کے مطابق اس پالیسی پر عمل درآمد کی صورت میں موسم سرما میں بجلی کے استعمال میں تین سو میگا واٹ کا اضافہ ہو جائے گا جبکہ گیس کی طلب میں تین سو ایم ایم سی ایف ڈی کی کمی آ جائے گی۔

جس سے حکومت پراستعدادی ادائیگیوں اور سبسڈی کا بوجھ بھی کم ہو جائے گا۔ میاں زاہد حسین نے کہا کہ حکومت مہنگائی اور اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں کم کرنے میں سنجیدہ ہے مگر اسے اس محاز پر کوئی کامیابی نہیں ہو رہی۔

کیونکہ اس سلسلہ میں سپلائی بڑھانے کے بجائے بیوروکریسی سے میٹنگز پر انحصار کیا جا رہا ہے۔ یہ پالیسی گزشتہ تین سال میں کامیاب نہیں ہوئی ہے اور مستقبل میں بھی کامیاب نہیں ہو گی اور عوام منافع خوروں کے ہاتھوں لٹنے پر مجبور رہیں گے۔

مزید پڑھیں: آٹے کا 20 کلو کا تھیلا ایک ہفتے کے دوران 70 روپے تک مہنگاہوگیا

میاں زاہد حسین نے مذیدکہا کہ سی این جی کو پٹرول سے مہنگا کرنے سے اس شعبہ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ڈوب جائے گی۔