شہرِ قائد کی سڑکیں رواں سال بھی خون سے رنگین رہیں۔ ٹریفک کے سنگین حادثات نے نہ جانے کتنے ہی گھروں کے چراغ گل کر دئیے اور ہزاروں خاندانوں کو تاحیات غم دے ڈالا۔
ریسکیو حکام کی جانب سے جاری کردہ رواں سال کے تازہ ترین اور ہولناک اعدادوشمار نے انتظامیہ اور ٹریفک قوانین کے نفاذ پر ایک بڑا سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے جہاں بے قابو رفتار اور ہیوی ٹریفک کا قہر بے گناہ شہریوں کی زندگیاں نگلتا رہا۔
جاں بحق اور زخمی ہونے والے شہریوں کی مجموعی تفصیل
ریسکیو حکام کے مطابق شہر میں رواں سال مختلف ٹریفک حادثات میں 603 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 463 مرد، 73 خواتین اور 67 بچے شامل ہیں۔اس کے علاوہ، رواں سال شہر میں مختلف ٹریفک حادثات کے نتیجے میں کل 7,467 افراد زخمی ہوئے جن میں 5,649 مرد، 1,322 خواتین اور 496 بچے شامل ہیں۔
ہیوی ٹریفک کا قہر اور جان لیوا حادثات کی تفصیل
اعدادوشمار کے مطابق شہر میں ہیوی گاڑیوں کی بے لگام آمدورفت انسانی جانوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ثابت ہوئی ہے۔
رواں سال صرف ہیوی گاڑیوں کے حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 184 رہی۔ ڈمپر کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہے۔ ٹریلر کی ٹکر سے 84 افراد اور واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 46 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق رواں سال منی ٹرک کی ٹکر سے 18 افراد اور بسوں کی ٹکر سے 24 افراد جاں بحق ہوئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








