بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے شہر وشاکھاپٹنم کے ایک نجی اسکول میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے نے والدین اور شہریوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ مبینہ طور پر ہوم ورک مکمل نہ کرنے پر معلمہ نے کمسن طالب علم کو جھنجھوڑا اور پھر تھپڑ مارا جس کے کچھ ہی دیر بعد بچے نے وہیں دم توڑ دیا۔ واقعے کی پوری صورتحال اسکول کے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئی۔
سی سی ٹی وی میں کیا منظر ریکارڈ ہوا؟
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ معلمہ بچے کی شرٹ اتار رہی ہے جبکہ بچہ مسلسل رو رہا ہے۔ اسی دوران اسے تھپڑ مارا جاتا ہے جسکے بعد بچہ مبینہ طور پر بے حال ہوکر معلمہ کی گود میں گر جاتا ہے۔
بھارتی ریاست آندھرا پردیش کے سب سے بڑے شہر وشاکھاپٹنم کے ایک پرائیویٹ اسکول میں معلمہ نے ہوم ورک نہ کرنے پر بچے کو جھنجھوڑنے کے بعد تھپڑ مارا تو اس معصوم نے وہیں جان دیدی۔ یہ مناظر سی سی ٹی وی کیمرہ میں محفوظ ہوگئے۔ دیکھا جاسکتا ہے کہ ٹیچر بچے کی شرٹ اُتار رہی ہے تو وہ مسلسل رو… pic.twitter.com/43x02r3VUF
— Bilal Ghauri (@mbilalghauri) August 21, 2026
واقعے کے بعد بچے کی موت کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہوسکی اور پولیس کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں تاہم ابتدائی معلومات میں یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شدید خوف اور صدمے کے نتیجے میں بچے کو دل کا دورہ پڑا جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی۔
متوفی بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا مکمل طور پر صحت مند تھا اور اسے کسی قسم کی بیماری یا طبی عارضہ لاحق نہیں تھا۔ والدین کے مطابق بچے کی صحت کے حوالے سے پہلے کوئی ایسا مسئلہ سامنے نہیں آیا تھا جس سے اس نوعیت کے واقعے کا خدشہ ہو۔
واقعے کے بعد صرف بچے کے والدین اور رشتہ دار ہی نہیں بلکہ علاقے کے لوگوں میں بھی شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔ شہریوں کی جانب سے احتجاج کرتے ہوئے معلمہ کو بچے کی موت کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔
مظاہرین کا موقف ہے کہ بچوں کو جسمانی سزا دینے کی اجازت نہ ہونے کے باوجود معلمہ نے بچے کو جھنجھوڑنے اور تھپڑ مارنے کا مبینہ اقدام کیا جس کے بعد طالب علم کی موت ہوگئی۔ پولیس تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی موت کی حتمی وجہ اور واقعے کی ذمہ داری کا تعین ہوسکے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








