سندھ کے وزیر تعلیم نے طلبہ کی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر اسکول وینز میں سی این جی اور ایل پی جی سلینڈرز کے استعمال پر سخت پابندی عائد کردی ہے جبکہ نجی تعلیمی اداروں کو ٹرانسپورٹ سے متعلق حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی گئی ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم کی ہدایات پر نجی اسکولوں کی انتظامیہ کو جاری کردہ مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ اسکول وینز میں غیر محفوظ طریقوں سے پیٹرول فراہم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ بوتلوں یا کین کے ذریعے گاڑی کے انجن میں پیٹرول ڈالنے کو بھی خطرناک قرار دیتے ہوئے اس عمل پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
مراسلے کے مطابق اسکول وینز میں گاڑی کی مقررہ گنجائش سے زیادہ بچوں کو بٹھانا خلاف ضابطہ ہوگا۔ اسکے علاوہ طلبہ کو وین کے فٹ بورڈ پر کھڑا کرکے سفر کروانے کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔
حکومت سندھ نے اسکول ٹرانسپورٹ کے لیے گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا ہے۔ تمام اسکول وینز میں متعلقہ فٹنس سرٹیفکیٹ کی نقل موجود ہونا بھی ضروری ہوگا تاکہ ضرورت پڑنے پر اس کی جانچ کی جاسکے۔
وزیر تعلیم کی جانب سے نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے جاری کردہ تمام حفاظتی ضوابط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں۔ مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے اسکولوں کی انتظامیہ کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
صوبائی وزیر تعلیم نے واضح کیا ہے کہ طلبہ کی جان و سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








