سویڈن کی حکومت نے امیگریشن قوانین میں اہم تبدیلی کردی، جس کے بعد عارضی رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے غیر ملکیوں کے لیے مستقل رہائش کی درخواست دینا مزید آسان ہوگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی پالیسی 11 جون 2026 سے نافذ العمل ہے۔ اس کے تحت عارضی رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے افراد مقررہ اہلیت کی مدت پوری ہوتے ہی اپنے موجودہ اجازت نامے کی تجدید کا انتظار کیے بغیر مستقل رہائش کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
اس سے قبل موجودہ طریقہ کار کے تحت بعض درخواست گزاروں کو عارضی رہائشی اجازت نامے کی میعاد ختم ہونے اور اس کی تجدید کا انتظار کرنا پڑتا تھا، جس کے بعد مستقل رہائش کے لیے درخواست دی جاتی تھی۔
نئے قوانین کے مطابق یہ سہولت ان افراد کے لیے ہے جو مستقل رہائش کے لیے مقررہ اہلیت کی مدت مکمل کرچکے ہیں۔ زیادہ تر ورک پرمٹ رکھنے والوں کے لیے یہ مدت 4 سال جبکہ یورپی یونین بلیو کارڈ یا ریسرچ پرمٹ رکھنے والوں کے لیے 3 سال مقرر ہے۔
درخواست منظور ہونے کی صورت میں عارضی رہائشی اجازت نامہ منسوخ کرکے اس کی جگہ مستقل رہائش کا اجازت نامہ جاری کردیا جائے گا۔
حکام کے مطابق اس ترمیم کا مقصد مستقل رہائش کے لیے کوئی نیا راستہ متعارف کرانا یا بنیادی اہلیت کی شرائط تبدیل کرنا نہیں بلکہ درخواست دینے کے طریقہ کار کو آسان بنانا ہے۔
نئی تبدیلی سے تارکین وطن کے لیے غیر یقینی صورتحال میں کمی آئے گی اور اہل افراد کو مستقل رہائش کے لیے پہلے سے زیادہ آسان اور براہ راست طریقے سے درخواست دینے کا موقع ملے گا۔
اس کے علاوہ آجروں کو بھی فائدہ ہوگا، کیونکہ مستقل رہائش کی درخواست اب عارضی ورک پرمٹ کی میعاد ختم ہونے کی تاریخ سے منسلک نہیں رہے گی، جس سے افرادی قوت کے حوالے سے مزید لچک پیدا ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








