اسکولوں میں فیشل اٹینڈنس سسٹم نافذ، 49 ہزار سے زائد اساتذہ اور عملہ مانیٹر ہوگا

تازہ ترین

تازہ ترین

سندھ کے سرکاری اسکولوں میں اساتذہ اور دیگر عملے کی حاضری یقینی بنانے کے لیے جدید فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس سسٹم متعارف کرا دیا گیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن اینڈ لٹریسی سندھ نے اس نظام کا پائلٹ مرحلہ صوبے کے 6 اضلاع میں شروع کر دیا ہے۔

صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ کے مطابق نئے نظام کا مقصد اسکولوں میں اساتذہ کی بروقت اور مکمل حاضری کو یقینی بنانا اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔

فیشل ریکگنیشن اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سسٹم کے ابتدائی مرحلے میں صوبے کے ہر ڈویژن سے ایک ضلع منتخب کیا گیا ہے، جن میں کراچی ایسٹ، حیدرآباد، نوشہرو فیروز، جیکب آباد، گھوٹکی اور عمرکوٹ شامل ہیں۔

حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں 49 ہزار 565 تدریسی اور نان ٹیچنگ اسٹاف کی حاضری جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مانیٹر کی جائے گی۔

اس نظام کی خاص بات یہ ہے کہ انٹرنیٹ کی سہولت نہ ہونے کی صورت میں بھی عملے کی حاضری ریکارڈ کی جا سکے گی، جس سے دور دراز علاقوں کے اسکول بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کا کہنا ہے کہ یہ صرف حاضری چیک کرنے کا نظام نہیں بلکہ اسکولوں میں اساتذہ کی دستیابی، نگرانی اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

حکومت سندھ کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اسکولوں میں غیر حاضری کے مسائل پر قابو پانے اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔

Related Posts